Live Updates

پاکستان سے کرپشن، اقربا پروری کا خاتمہ تحریک انصاف کا مشن ہے، 25 جولائی کو تحریک انصاف ملک بھر سے قائدتحریک عمران خان کی قیادت میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی

تحریک انصاف یوتھ ونگ شعبہ خواتین آزادکشمیر کی مرکزی رہنما علیشباہ ظفرکی بات چیت

بدھ 27 جون 2018 16:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) تحریک انصاف یوتھ ونگ شعبہ خواتین آزادکشمیر کی مرکزی رہنما علیشباہ ظفرنے کہا ہے کہ پاکستان سے کرپشن، اقربا پروری کا خاتمہ تحریک انصاف کا مشن ہے، 25 جولائی کو تحریک انصاف ملک بھر سے قائدتحریک عمران خان کی قیادت میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی، عمران خان وزیراعظم پاکستان بن کر ملک پاکستان کو بحرانوں سے نجات دلائیں گے، 25 جولائی کے بعد آزادکشمیر کے عوام کو بھی دھاندلی کی پیداوار اجارہ دار گروہ سے جلد نجات ملے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نیکہاکہ پاکستان کو اس وقت عمران خان جیسی لیڈرشپ کی ضرورت ہے، قبل ازیں پاکستان کو چندخاندانوں نے باریاں لگا کر لوٹا، پاکستان سے عوامی ٹیکس کے پیسے چوری کرکے بیرون ملک اپنی جائیدادیں بنانے والوں کو 25 جولائی کو عبرت ناک شکست ہوگی اور پھر قائد تحریک عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں بننے والی حکومت ملک کو بحرانوں سے نجات دلائے گی، قوم کی لوٹی ہوئی دولت بیرون ممالک سے واپس لاکر تحریک انصاف پاکستان کو شاہراہ ترقی پر گامزن کریگی، انہوں نے مزید کہا کہ 25 جولائی کے بعد آزادکشمیر کے عوام کو قائدکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں تحریک انصاف دھاندلی کی پیداوار ن لیگی حکومت سے نجات دلائے گی، آزادکشمیر کے عوام کو ان کا حق حکمرانی واپس دلایا جائیگا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آزادکشمیر میں ایک منظم اور مضبوط قوت بن چکی ہے،دیگر سیاسی جماعتوں سے جوق درجوق کارکنان تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں، جلد کئی اہم شخصیات بھی تحریک انصاف میں شامل ہونیوالی ہیں، اور تحریک انصاف آزادکشمیر کی واحد سیاسی قوت ہے جو آمدہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرنیکی پوزیشن میں ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات