سندھ پر قابض پارٹی نے ہمیشہ صوبے میں لوٹ مار مچائی ہے ،رانا مشہود

سندھ میںہمارے بغیر کوئی پارٹی حکومت نہیں بنا سکتی ، پنجاب میں کلین سوئپ کریں گے،رہنما مسلم لیگ (ن) راجہ قمرالاسلام راجہ کو نیب کی جانب سے صوبائی نشست پر این او سی ملنے کے باوجود انہیں گرفتار کرناسمجھ سے بالاترہے ،پریس کانفرنس

جمعرات 28 جون 2018 18:21

سندھ پر قابض پارٹی نے ہمیشہ صوبے میں لوٹ مار مچائی ہے ،رانا مشہود
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے کہا ہے کہ سندھ پر قابض پارٹی نے ہمیشہ صوبے میں لوٹ مار مچائی ہے ۔ سندھ میںہمارے بغیر کوئی پارٹی حکومت نہیں بنا سکتی ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب میں کلین سوئپ کرے گی ۔ الیکشن کی تاریخ طے ہونے کے باوجود نیب ہمارے نامزد امیدواروں کو پوچھ گچھ کے لیے بلارہا ہے۔

راجہ قمرالاسلام راجہ کو نیب کی جانب سے صوبائی نشست پر این او سی ملنے کے باوجود انہیں گرفتار کرناسمجھ سے بالاترہے ۔ جتنا مرضی ہمیں دبایا جائے ، عوام ہمارے ساتھ ہیں ۔2018 ء کے الیکشن منشور کا جلد اعلان کریں گے ۔کراچی گرین لائن بس منصوبے کے لیے وفاق نے تمام فنڈز فراہم کردیئے ہیں مگر سابق سندھ حکومت کی بددیانتی کی وجہ سے منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کراچی کے عوام کو ان کے حقوق دلانے کا عزم کیا ہوا ہے ۔ہماری حکومت نے سول نافرمانی اور دھرنوں کے باوجود ملک کے تمام شعبوں کو ترقی دی ۔ا ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کراچی پریس کلب میں این اے ۔ 248 کے امیدوار سلمان خان ، علی گجر اور پارٹی کے دیگر نامزد کردہ امیدواروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) سندھ کے عہدیداروں کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ شاہ محمد شاہ کو سندھ کا صدر ، سلیم ضیاء کو جنرل سیکرٹری اور علی گجر کو کراچی ڈویژن کا صدر نامزد کیا گیا ہے ۔ شہباز شریف کے حلقے 249 میں امان آفریدی کوآرڈینیٹرہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان لوگوں کو مواقع مہیا کریں گے ، جو ملک اور صوبے کے بہتری کے لیے کام کریں ۔ کراچی کا کوڑا اٹھا کر اس سے بجلی بنائیں گے ۔

انڈر پاسز اور سڑکیں بنائی جائیں گی ۔ گرین لائن کے علاوہ چار اور لائنز مہیا کی جائیں گی کیونکہ یہ ملازمت پر جانے والے ماؤں ، بہنوں اور بزرگوں کا حق ہے، جو ہم ان کو دلا کر رہیں گے ۔ پیپلز پارٹی نے سندھ میں بزنس کمیونٹی کا جینا محال کر دیا تھا ۔میاں محمد شہباز شریف کا کراچی میں بزنس کمیونٹی نے بھرپور استقبال کیا ۔ بزنس کمیونٹی چاہتی ہے کہ اقتدار مسلم لیگ (ن) کو ملے ۔

این ایف سی کے بعد تمام صوبوں کو یکساں پیسے ملتے ہیں ۔ پنجاب میں لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے 100 فیصد پیسہ خرچ کیا ۔ وہی طریقہ سندھ اور دیگر صوبوں کے لیے بھی ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پینے کا پانی نہیں ، سڑکیں ، سیوریج اور اسکول بند پڑے ہیں ۔ ہم یہ عزم کرتے ہیں کہ صوبے کے عوام کو ان کے حقوق دلوائیں گے ۔ سندھ پر ایک ٹولہ براجمان ہے ، جنہوں نے سندھ کے تمام شعبوں تباہ و برباد کر دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم کراچی میں لڑائی نہیں چاہتے ۔ ہم نے یہ نعرہ لگایا ہے کہ جیت کر بھی ہم سب کو ساتھ لیکر چلیں گے ۔ ہمارے امیدوار کراچی کی ترقی کا سبب بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں مسلم لیگ (ن) کے بغیر کسی کی حکومت نہیں بن سکتی ۔ سندھ میں تمام حلقوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار موجود ہیں ۔ ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ حسن اور حسین کے کیس سے متعلق اگر جج کو کوئی مسئلہ تھا تو وہ کسی اور جج کو کیس منتقل کر دیتے ، جج کی ذاتی رائے کے خلاف ہم اپیل میں جائیں گے اور ہر فورم پر اس کی مخالفت کی جائے گی ۔ ہم نے کبھی دھرنوں کی سیاست پر یقین نہیں کیا ۔ ملک کی ترقی اور بقاء کے لیے ہمارے لیڈران نے ہمیشہ قربانیاں دیں ۔