ملک کے مختلف حصوں میں ایک بار پھر بارشوں کا آغاز

بارش کے نئے سسٹم سے لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجا ب کے بیشتر بالائی علاقے متاثر ہوں گے، محکمہ مو سمیات

منگل 3 جولائی 2018 17:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جولائی2018ء) ملک کے مختلف حصوں میں ایک بار پھر بارشوں کا آغاز ہو گیا ہے جو مزید دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز داخل ہونے والے بارش کے اس نئے سسٹم سے لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجا ب کے بیشتر بالائی علاقے متاثر ہوں گے۔محکمہ موسمیات نے دو سے چار جولائی تک بارشوں کی پیشگی اطلاع بھی متعلقہ محکموں کو دے دی تھی تاکہ مناسب انتظامات کیے جا سکیں۔

پیر کی شب لاہور میں شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے اور اب تک 260 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔پیر اور منگل کی درمیانی شب جہلم میں 49 ملی میٹر، گجرات 35 ملی میٹر، گوجرانوالہ 33 ملی میٹر، بالاکوٹ 28 ملی میٹر، مالم جبہ 41 ملی میٹر، اسلام آباد 39 ملی میٹر، مری 20 ملی میٹر، منگلا 27 ملی میٹر، قصور 19 ملی میٹر، چکوال 11 ملی میٹر، منڈی بہا الدین 11 ملی میٹر، سیالکوٹ 15 ملی میٹر، راولاکوٹ 17 ملی میٹر، کوٹلی 8 ملی میٹر، مظفر آباد 6 ملی میٹر اور کوہاٹ میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سندھ اور بلوچستان میں کہیں بارش نہیں ہوئی تاہم کئی علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ساہیوال، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش ہو سکتی ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔