حریت رہنمائوں اور تنظیموں کا 13جولائی 1931 کے شہداء سمیت تمام شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت

بھارتی فورسز کی طرف سے جاری قتل و غارت کا سلسلہ کشمیریوں کی نسل کشی کے بھارتی منصوبے کا حصہ ہے

بدھ 11 جولائی 2018 23:45

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجموںو کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے 13جولائی 1931ء کے شہدا ء سمیت تمام شہدائے کشمیر کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری جد و جہد آزادی کی بنیاد 1931ء میں رکھی گئی تھی اور کشمیری عوام اس وقت سے مسلسل جدوجہد کررہے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل محمد عبد اللہ طاری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ کشمیری حق خود ارادیت کا مطالبہ کررہیں جسکا عالمی برادری کے ساتھ ساتھ بھارت نے بھی انکے ساتھ وعدہ کر رکھا ہے۔

محمد عبداللہ طاری نے کہا ہے کہ کشمیر کے طول وعرض میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری قتل و غارت کا سلسلہ کشمیریوں کی نسل کشی کے بھارتی منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد تحریک آزادی کشمیرکوکچلنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے شوپیان میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں تین نوجوانوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نئی دلی پوری کشمیری قوم کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے درپے ہے ۔

انہوں نے شہیدنوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ حریت رہنما نے نادی ہل رفیع آباد کے نوجوان عبید منظو ر کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شہدا کے مشن کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے استقامت کا مظاہرہ کریں ۔مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار اور حریت رہنمائوں محمد اقبال میر، امتیاز احمد ریشی،غلام نبی وسیم ، غلام نبی واراور انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن انتو نے بھی ایک مشترکہ بیان میں شہداء 13جولائی 1931کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ نہتے کشمیری نوجوانوں کو انتقامی کاروائیوں کا نشانہ بناکر شہید کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں اپنی حالیہ رپورٹ کی سفارشات پر عملدر آمد کرے۔