صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ میں محمد ارشاد کو شہید کرنے ، نعش کی سخت بے حرمتی کرنے کی شدید مذمت

بھارت مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر نہتے شہریوں پر انسانیت سوز مظالم کر رہا، انہیںشدید تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے،سردار مسعود خان

پیر 16 جولائی 2018 16:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ روز پونچھ سیکٹر میں کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کرکے بٹل کے علاقہ سے تعلق رکھنے والے محمد ارشاد ولد محمد اسلم کو شہید کرنے اور اس کی نعش کی سخت بے حرمتی کرنے پر شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے درندگی سے تشبیہ دی ہے۔

(جاری ہے)

محمد ارشاد کو شہید کرنے کے بعد بھارتی فوجیوں نے اس کے سر کو تن سے جدا کرکے نعش کوکنٹرول لائن پر آزادکشمیر کی حدود میں پھینک دیا تھا۔ اپنے ایک بیان میں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اور لائن آف کنٹرول پر نہتے شہریوں پر انسانیت سوز مظالم کر رہا اور انہیںشدید تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے کشمیریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے لوگ اور کنٹرول لائن کے اس پار کشمیری بھارتی استبداد کے سامنے کبھی سرنگوں نہیں ہوں گے اور اپنے حق خودارادیت کی جدوجہد کو جاری و ساری رکھیں گے۔