Live Updates

تبدیلی کا وقت آگیا‘ پاکستان کو کرپشن سے پاک کریںگے‘ ادارے مضبوط بنائیں گے‘ عمران خان

ہفتہ 21 جولائی 2018 00:20

ملتان۔20جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ جو 25جولائی کو ووٹ نہیں دے گااس کا مطلب یہ ہوگا کہ وہ خودغرضی کی زندگی گزاررہاہے اور اسے قوم کے مستقبل کی کوئی فکر نہیں ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عمران خان نے مزید کہاکہ پاکستان میں تبدیلی کاوقت آگیا ہے۔ ہم نئے پاکستان کی طرف جارہے ہیں۔ ہم ایک ایسے پاکستان کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جو کرپشن سے پاک ہوگا۔انہوںنے کہاکہ ڈالر آج 130روپے کا ہوگیاہے اورپاکستان بہت کمزور ہوگیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت میں ڈالر 70 ،افغانستان میں 72، بنگلہ دیش میں 84 ،نیپال میں 110ہے ۔ جب میں جوان ہورہا تھاتو پاکستان اس خطے کاسب سے خوشحال ملک تھا جو تیزی سے ترقی کرر ہا تھا اوراس کے ادارے مضبوط تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اس زمانے میں تربیلا ڈیم، منگلا ڈیم اور وارسک ڈیم جیسے منصوبے مکمل ہوئے۔انہوںنے کہاکہ اللہ تعالی کبھی کبھی کسی قوم کو قسمت بدلنے کا موقع دیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم 25جولائی کو ایک ہی گیند سے دونوں وکٹیں اڑائیں گے۔انہوںنے کہاکہ اقتدار میں آکر تمام اداروں کو مضبوط کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایف بی آرکوایک مضبوط اور آزاد ادارہ بناکرٹیکس نیٹ کوبڑھائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ جب ہم اپنا نیا پاکستان بنائیں گے تو بھیک نہیںمانگیں گے بلکہ سب سے پہلے اپنے اخراجات کم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ گورنرہائوسز کو پبلک کیلئے استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پرائم منسٹر ہائوس،گورنر ہائوس اور وزیراعلی ہائوس کے اخراجات کم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ جب احتساب شروع ہوگاتو سب سے پہلے عمران خان سے شروع ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ عوام کے ٹیکس کاپیسہ عوام پر خرچ کریں گے۔ عمران خان نے کہاکہ ملک اس وقت کھڑا ہوگا جب حکمران اور عوام مل کر قربانیاں دیں ۔انہوں نے کہاکہ پولیس میں میرٹ پر بھرتیاں ہوں گی اور پولیس کاوقاربلند کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ نوازشریف نے ایک ارب روپے غیرملکی دوروں پر خرچ کیے۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف اور اسحاق ڈار ملک کو مقروض کرگئے۔

انہوں نے کہاکہ ہم مہنگائی کو کنٹرول کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم اورصحت کے نظام کوٹھیک کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ ملتان میں میٹرو کی بجائے ہسپتال کی ضرورت تھی۔ عمران خان نے کہاکہ نوازشریف اور آصف زرداری نے ملک کاپیسہ چوری کیا۔ان کی بیرون ملک اربوں روپے کی جائیدادیں ہیںاوریہاں لوگ بھوکے مرتے ہیں۔قبل ازیں مخدوم شاہ محمودقریشی، ملک عامرڈوگر، احمد حسین ڈیہڑ، ابراہیم خان سمیت پی ٹی آئی کے امیدواروں اورر ہنمائوں نے بھی جلسہ سے خطاب کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات