جیلوں میں غیرقانونی طورپر نظربند کشمیری حریت پسندوں کو سازش کے تحت تختہ مشق بنایا جارہا ہے

سیدعلی گیلانی کاسرینگر سینٹرل جیل میں بھوک ہڑتال کرنے والے کشمیریوںکی زندگیوں کو لاحق خطرا ت پر اظہار تشویش

منگل 24 جولائی 2018 12:54

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے سرینگر سینٹرل جیل میں جیل حکام کے ظلم و تشدد اور بنیادی سہو لتوں کی عدم فراہمی کے خلاف بھوک ہڑتال کرنے والے کشمیری نظربندوں کی زندگی کو لاحق خطرات پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر می جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ سرینگر سینٹرل جیل سے لے کر جموں کی کوٹ بھلوال جیل اور نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل تک تمام جیلوں میںکشمیری حریت پسندوںکو ایک منظم سازش کے تحت تختہ مشق بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے ادھمپور جیل میں متعصب جیل انتظامیہ کی طرف سے کشمیری نظربندوں کے ساتھ روا رکھے جانیوالے غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگیوںکو اجیرن بنادیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

جیل میں کشمیریوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور علاج معالجے سمیت تمام بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے جس کی وجہ سے وہ متعدد عارضوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

سیدعلی گیلانی نے قیدیوں کے حقوق پر شب و خون مارنے کوسیاسی نظربندوں سے متعلق اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریحا خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشروں میں قیدیوں کو انتقامی کارروائیوں کے تحت تختہ مشق بنا نا ایک معیوب عمل سمجھا جاتا ہے جو کہ نا قابل برداشت ہے۔ انہوںنے کہاکہ حال ہی میں کوٹ بھلوال جیل میں ایک علیل حریت پسند وفات کی تحقیقات ہونا ابھی باقی ہے جبکہ مختلف جیلوں میںنظربند کئی حریت پسندوں کو علاج معالجے اور مناسب خوراک کی عدم فراہمی سے انکی زندگیوں سے کھلواڑ کیاجارہا ہے۔

انہوںنے تمام نظربندکشمیری حریت پسندوںکو ضمیر کے قیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیری حریت پسند عوام اور سیاسی قائدین کا سیاسی سطح پر مقابلہ کرنے میں بری طرح ناکامی کے بعد اب جیلوں میں کشمیری رہنمائوں کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی فورسز نے کشمیری عوام کو یرغمال بناتے ہوئے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے ان کی زندگیاں اجیرن بنادی ہیں۔ حریت چیئرمین نے تمام کشمیری نظربندوں کے صبر و استقلال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انسانی حقو ق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کے خلاف جاری ناانصافیوں کا سخت نوٹس لیں اور ان کی فوری رہائی کیلئے بھار ت پر دبائو بڑھائیں۔