مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوجیوں نے کپواڑہ میں ایک نوجوان کو شہید کر دیا

اشرف صحرائی کی تحریک حریت کے رہنمائوں کی گرفتاری کی مذمت

جمعرات 26 جولائی 2018 21:04

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2018ء) )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع کپواڑہ کے علاقے سودال میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق ، محمد اشرف صحرائی ، ظفر اکبربٹ، فریدہ بہن جی ، شبیر احمد ڈار ، محمد اقبال میر ، محمد احسن اونتو ، امتیاز احمد ریشی اور غلام نبی وار نے اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیری نوجوا ن حق پر مبنی کاز کیلئے اپنی جانیں لٹا رہے ہیں اور انکی قربانیوںکو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں گزشتہ روز اسلام آباد قصبے کے علاقے مہمان محلہ میں شہید ہونے والے دو نوجوانوں عادل احمد بٹ اور بلال احمد ڈار کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

حریت رہنمامختار احمد وازہ ایک وفد کے ہمراہ مہمان محلہ گئے اور آزادی پسند شہری نذیر احمد خان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جن کا مکان بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز تباہ کیا تھا۔

نوجوانوں کی شہادت پرضلع کولگام کے علاقوں اور اسلام آباد قصبے میں آج مکمل ہڑتال کی گئی۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں بھارتی پولیس کی طرف سے پارٹی رہنمائوں بشیر احمد قریشی ، عاشق حسین نارچور اور آصف احمد دادا کی سرینگر اور اسلام آباد میں انکے گھروں پر چھاپوں کے دوران گرفتاری اورانکے اہلخانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کی۔

مسلم دینی محاذ نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ جموں خطے کی ادھمپور جیل کی انتظامیہ وہاں غیر قانونی طور پر نظر بند پارٹی چیئرمین ڈاکٹر محمد قاسم فکتو کو طبی سہولیات فراہم نہیں کر رہی ۔ادھر ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میں زر پارہ کے مقام پر آج دستی بم کے ایک حملے میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس کے پانچ اہلکار زخمی ہو گئے۔