مقبوضہ کشمیر، آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کا شہید شیخ عبدالعزیز کو شاندار خراج عقیدت

ہفتہ 11 اگست 2018 19:21

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میںجموںو کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے وفدسمیت مختلف آزادی پسندرہنمائوں اور کارکنوں نے ممتاز حریت رہنما شہید شیخ عبد العزیز کے دسویں یوم شہادت پرآج مزار شہداء پر منعقدہ دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فریڈم پارٹی کے وفد کی قیادت انجینئر فاروق احمدکررہے تھے اور اس میں غلام رسول نواز، محمد امین راتھر،محمد یوسف میر اور دیگررہنما شامل تھے۔

شرکاء مجلس نے شہید رہنما کی قربانیوں کو یاد کیا اور جملہ شہدائے کشمیر کی بلندی درجات کے لیے دعا کی ۔دریں اثناء حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار، امتیاز احمد ریشی،محمد اقبال میر،محمد مصدق عادل، مختار احمد صوفی، محمد یوسف نقاش، حکیم عبدالرشید،جاوید احمد میر، بشیر کشمیری، محمد یاسین عطائی، غلام قادرراہ، محمد سلیم زرگر ، غلام محمد میراور شکیل الرحمن نے بھی دعائیہ مجلس میں شرکت کی اور شہید رہنماکو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں نے دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید موصوف نے اپنی ساری زندگی جد و جہدآزادی کے لیے وقف کر دی تھی ۔مقررین نے کہاکہ شہید رہنما ایک مقدس مقصد کیلئے زندہ رہے اوربالآخر اُسی مقصد کیلئے اپنی جان، جان آفرین کے حوالے کردی۔انہوں نے کہاکہ شہید موصوف نے اپنی عمل سے ثابت کردیا کہ وہ ایک مخلص رہنما تھے اور اُنہوں نے ہر محاذ پر اپنے اخلاص کا مظاہرہ کیا۔

بھارتی فورسز نے سینئر حریت رہنما شیخ عبدالعزیر کو 11اگست 2008ء کو اس وقت گولی مارکر شہید کردیا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے کشمیریوں کی اقتصادی ناکہ بندی کے خلاف ایک احتجاجی جلوس اور کنٹرول لائن کی طرف مارچ کی قیادت کررہے تھے۔جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید شیخ عبدالعزیز کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید شیخ عبدالعزیز جیسے عظیم لوگوں کی قربانیاں کسی صورت فراموش نہیں کی جاسکتیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید شیخ صاحب ایک حلیم انسان، جرات مند قائد اور بہادر مزاحمت کار تھے جنہوں نے اپنی زندگی کو کشمیر کی آزادی کیلئے وقف کررکھا تھا۔انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور جموںوکشمیر کی جلد آزادی کے لیے دعا کی ۔ محمد یاسین ملک نے جموںخطے کے انسانی حقوق کے ممتاز کارکن چودھری طالب حسین کی جھوٹے مقدمے میں گرفتاری اور تھانے میں ان پر تشدد، ،بٹھنڈی جموں میں سید مراد شاہ نامی جوان کو گولی مار کر شہید کرنے اور گول رام بن میں شہریوں پر فائرنگ اور محمد شفیع گجر کو قتل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہندو انتہا پسندوں نے جموں خطے کے مسلمانوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔