کشمیرجنوبی ایشیا کا سلگتا ہوا مسئلہ ہے،عالمی برادری کو اس صورت حال کو نظراندازنہیں کرنا چاہیے امریکہ اور دوسری طاقتیں اس مسئلے پر کمزور رپالیسی اپنا کر خطے کے امن سے کھلواڑ کررہی ہے، کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، بھارت کو اپنا بوریا بستر باندھ کر کشمیر سے نکلنا پڑے گا،چودھری محمد یٰسین

اتوار 12 اگست 2018 18:30

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2018ء) اپوزیشن لیڈر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چودھری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ ر اجہ فاروق حیدر خان کی حکومت کشمیریوں کی ترجمانی نہیں کرتی ،کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارت کو اپنا بوریا بستر باندھ کر کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔وہ گزشتہ روز یہاں کوٹلی اور چڑہوئی میں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔

چودھری محمد یٰسین نے کہا کہ کشمیرجنوبی ایشیا کا سلگتا ہوا مسئلہ ہے ۔عالمی برادری کو اس صورت حال کو نظراندازنہیں کرنا چاہیے امریکہ اور دوسری طاقتیں اس مسئلے پر کمزور رپالیسی اپنا کر خطے کے امن سے کھلواڑ کررہی ہے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور کنٹرول لائن پر مسلسل جارحیت بھارت کے عزائم کا ثبوت ہے آزادکشمیر کے عوام کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ان حالات کا مقابلہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

دشمن سرجیکل سٹرائیکس کا خواب دیکھ رہا ہے مگر اس کی تعبیر نہیں ملے گی ٓزاد حکومت کو جیل میں بند اپنے قائدین کی خوشنودی اورخدمت گزاری کی بجائے اپنی توجہ مسئلہ کشمیر جیسے اہم معاملات کو سفارتی محاذپر اجاگر کرنے کیلئے صرف کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز لیگ نے پاکستان کو تاریخ کے بدترین قرضوں میں ڈبویا ،آزاد کشمیر میں تعمیروترقی کا نام نشان نہیں، کرپش عروج پر ہے، ہم نے ماضی کو چھیڑے بغیر آگے کی طرف نکلناہے، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اپنے کیے کی سزا بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے متعددبارمیثاق جمہوریت سے انحراف کر کے پیپلز پارٹی جیسی نظریاتی جماعت کے قائدین کے خلاف انتقامی رویہ اپنا یا،آمروں کی گود میں پرورش پانے والے آج نظریاتی کیسے ہو سکتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر حکومت اپوزیشن کو دیوار سے لگانے سے باز رہے ۔ترقیاتی منصوبوں اور وزیر اعظم کمیونٹی انفراسٹریکچر پروگرام کے ذریعے کروڑوں روپے اپنوں میں بانٹنے کے معاملے پر حکومت سے جواب مانگیں گے ،پہلے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن اور اب پراپرٹی اور کمیونیکیشن کے ذرائع پر ٹیکس لگا کر عوام کا خون نچوڑنے کی آخری کمی بھی پوری کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل میں قطعی سنجیدہ نہیں۔این ٹی ایس کے نتائج روک کر من پسند افراد کو تعینات کیا جا رہا ہے۔ آزاد کشمیر میں اندھیر نگری قائم کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گے۔اپوزیشن عوامی مسائل کے ساتھ مذاق کرنے کی اجازت نہیں دے گی،عوام نے ہمیں اپنے حقوق کی حفاظت کے لیے منتخب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اصلاح نہ کی تو اس کے اندر ہی اصلاح کرنے والے پیدا ہونگے اور پھر حالات ان کے قابو میں نہیں رہیں گے۔