بھارت کا یوم آزادی، سرینگر سے متحدہ حریت قیادت کی کال پر آر پارکشمیریوں نے یوم سیاہ کے طور پر منایا

آزادکشمیر بھرمیں یوم سیاہ کے حوالے سے جلسے جلوس ،ریلیوں کا انعقاد کیاگیا، پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام سب سے بڑی ریلی گھڑی پن چوک سے نکالی گئی جو شہید برہان چوک میں اختتام پذ یر ہوئی

بدھ 15 اگست 2018 14:18

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2018ء) بھارت کا یوم آزادی، سرینگر سے متحدہ حریت قیادت کی کال پر آر پارکشمیریوں نے یوم سیاہ کے طور پر منایا، آزادکشمیر بھرمیں یوم سیاہ کے حوالے سے جلسے جلوس ،ریلیوں کا انعقاد کیاگیا، پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام سب سے بڑی ریلی گھڑی پن چوک سے نکالی گئی جو شہید برہان چوک میں اختتام پذ یر ہوئی، شرکا نے بھارتی پرچم کو بھی نذرآتش کیا۔

شرکاء نے ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اٹھا رکھے تھے، بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں شدید نعرے بازی ۔ شرکائ نے سیاہ سر پر سیاہ پٹیاں بھی باند ھ رکھی تھیں۔ گھڑی پن چوک میں منعقدہ یوم سیاہ ریلی میں پاسبان حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، حزب المجاہدین کے کمانڈر محمد اعظم غازی، پیپلزپارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، کشمیر لبریشن سیل کے ڈائریکٹر راجہ سجاد لطیف، مسلم کانفرنس کے یاسر نقوی، محمد آصف مخدومی، عثمان علی ہاشم ،قاری بلال احمد فاروقی،سردار لیاقت اعوان،چوہدری محمد اسماعیل، قاضی محمد خوشحال ، شیخ رشید احمد، سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یوم سیاہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاسبان حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کہا کہ بابائے حریت سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محمد یاسین ملک اور آسیہ اندرابی سمیت دیگر حریت قیادت سمیت جموں کشمیر کی عوام نے ثابت قدمی کا عملی مظاہرہ کیا ،بھارت نے طاقت کا ہر حربہ استعمال کیا مگر کشمیری عوام کو آزادی کے مطالبے سے دستبردار کرنے میں عملا ناکام ہو چکا ہے۔

بھارت کے پاس کوئی قانونی ،اخلاقی جواز نہیں کہ وہ جموں کشمیر کے عوام کی آزادی کو سلب کر کے ریاست میں انسانی حقوق پامال کرکے خود آزادی کا دن منائے، 15 اگست سمیت بھارت کا کوئی بھی قومی دن کشمیری عوام کیلئے یوم سیاہ کی حیثیت رکھتا ہے اس لیئے کہ بھارت نے اقوام متحدہ میں استصواب کا کیا ہوا وعدہ آج تک وفا نہیں کیا۔ 7 لاکھ مسلح افواج کے ذریعے جموں کشمیر پر جبری طور پر اپنی حاکمیت کو قائم رکھنے والا بھارت نہ تو جمہوری ملک ہے اور نہ ہی دنیا میں بھارت کی کوئی اچھی شناخت موجود ہے۔

ہم بھارتی عوام سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی حکومت اور فوجی حاکموں کواس بات کیلئے مجبور کریں کہ وہ جموں کشمیر سے اپنا فوجی قبضہ ختم کرے۔ انہوں نے اس موقع پر اقوام متحدہ ا ور او آئی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ زمینی حقائق کی روشنی میں کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ خطہ میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔

پاک بھارت ایٹمی طاقتوں کا ٹکراؤ دنیا کے مفاد میں نہیں ہے، جنوبی ایشیائ میں امن کاخواب جموں کشمیر کی مکمل آزادی سے شرمندہ تعبیر ہوسکے گا۔ اس موقع پر کمانڈر محمد اعظم غازی نے کہا کہ آج سے 71 برس قبل بھارت نے مقبوضہ علاقے میں اپنی فوجیں اتاریں اور ہماری ریاست کو غلامی کی اندھیر کوٹھڑی میں ڈال دیا۔ ہم بھارت سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ جموں کشمیر کی آزادی کیلئے کشمیر ی نوجوان صف بستہ ہیں اور اس قبضہ کے خاتمہ کیلئے اپنا عملی جہاد جاری رکھیں گے۔

شہدائے کشمیر نے اپنے خون کے نذرانے پیش کر کے آزادی کی شمع کو روشن رکھا ہے۔ اس موقع پر شوکت جاوید میر نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے حقوق سلب کرنیوالے بھارت کو آزادی منانے کا کوئی حق حاصل نہیں، آزادکشمیر کے عوام مقبوضہ جموں کشمیر کے بھائیوں کیساتھ کھڑے ہیں اور بھارت سے کشمیریوں کی مکمل آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت جنوبی ایشیاء سمیت پوری دنیا کے امن کو تباہ کردینا چاہتا ہے عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارتی مکروہ عزائم کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیریوں کو پیدائشی حق دلوائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سجا د لطیف نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں سبز ہلالی پرچم لہرانے والے جموں کشمیر کے عوام کو آزادی مل کر رہے گی، بھارتی ترنگے کو جموں کشمیر میں لہرانے سے روکنے والے جموں کشمیر کے عوام نے ثابت قدمی کا عملی مظاہرہ پیش کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔

بھارت زیادہ دیر تک کشمیریوں کو ان کے پیدائشی حق سے محروم نہیں رکھ سکتا۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان کی مسلح افواج کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کبھی سرد نہیں کرسکتا۔ کشمیری بھارت سے آزادی حاصل کرکے رہیں گے۔ اس موقع پر مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خاموشی ترک کرتے ہوئے کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ مظاہرین نے گھڑی پن چوک سے شہید برہان وانی چوک تک ریلی کا انعقاد کیا جس میں بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ شرکاء نے شہید برہان چوک میں بھارتی پرچم کو بھی نذر آتش کیا۔