مقبوضہ کشمیر، دفعہ 35اے کو منسوخ کرنے کی بھارتی کوششوں کے خلاف مظاہرے ، ریلیاں

مشترکہ حریت قیادت نے 26، 27اگست کو ہڑتال کی کال دیدی

جمعہ 17 اگست 2018 22:24

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی آئین کی دفعہ 35۔ اے کو منسوخ کرنے کی بھارتیہ جنتاپارٹی کی بھارتی حکومت کی کوششوں کے خلاف آج سرینگر اور دیگر علاقوں میں زبردست مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔دفعہ 35۔اے کے تحت کشمیریوں کو خصوصی حقوق و مراعات حاصل ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے فوراً بعد سرینگر ، بڈگام، اسلام آباد، شوپیاں، پلوامہ، کولگام، بانڈی پورہ، بارہمولہ اوردیگر علاقوں میں لوگوں نے بھارتی منصوبے کے خلاف مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالیں۔

مظاہرین نے جن کی قیادت محمد یاسین ملک، محمد یوسف نقاش، حکیم عبدالرشید، بلال صدیقی، سید بشیر اندرابی، مختار احمد وازہ، سید امتیاز حیدر، امتیاز احمد شاہ، مولوی بشیر عرفانی اور امتیاز احمد ریشی کر رہے تھے، آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگا ف نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

حریت رہنما?ں نے مظاہرین سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری کسی کو بھی اپنی سرزمین کو دوسرا فلسطین نہیں بننے دیں گے جہاں اصل باشندوں کو قابضین نے باہر نکال دیا۔

بھارتی پولیس نے مختلف مقامات پر مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ بھارتی سپریم کورٹ دفعہ35۔اے کی منسوخی کے حوالے سے دائر عرضداشت کی سماعت رواں ماہ کی 27 تاریخ کو کرے گی۔سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دفعہ 35۔ اے کو منسوخی کرنے کے مذموم بھارتی منصوبے کے خلاف 26اور 27اگست کو مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔

مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہاگیا کہ اگر بھارتی سپریم کورٹ نے دفعہ 35۔اے کے حوالے سے کوئی ناخوشگوار فیصلہ دیا تو کشمیری احتجاجی تحریک شروع کر دیں گے جس کے تنائج کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہو گی۔ میر واعظ عمر فاروق نے آج جامع مسجد سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سیدعلی گیلانی اورمحمد یاسین ملک کوبھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے نوٹس کے اجراکو اوچھا ہتھکنڈہ قراردیا۔

انہوںنے کہاکہ اس طرح کے اقدامات سے حریت قیادت کو خوفزدہ نہیں کیاجاسکتا۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس اور تحریک حریت جموںوکشمیر نے اپنے بیانات میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سیغیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائ راجہ معراج الدین کلوال کے اہلخانہ کو ہراساں کرنے کی مذمت کی۔ راجہ معراج الدین کلوال گزشتہ ایک سال سے نئی دلی کی تہاڑ جیل میں نظربند ہیں۔

جموںوکشمیر مسلم لیگ نے سرینگر میں ایک بیان میں غیر قانونی طورپر نظربند پارٹی رہنمائ اسد اللہ پرے کی عدالتی احکامات پر جموںکی کوٹ بھلوال جیل سے رہائی کے فورابعد بھارتی پولیس کی طرف سے دوبارہ گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ ضلع کپواڑہ میںہندواڑہ کے علاقے کچلو کرال گنڈ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ہو گیا۔

اونتی پورہ پولیس اسٹیشن کے سپرنٹینڈنٹ کے دفتر پر نامعلوم افراد کی طرف سے دستی بم کے حملے میں چار افراد زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ضلع بانڈی پورہ میں حاجن کے علاقے میر محلہ میں بھارتی فورسز نے محاصرہ کر کے تلاشی کی کارروائی شروع کی جس کے بعد مظاہرین اور بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ قابض انتظامیہ نے بانڈی پورہ اور حاجن کے علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی ہیں۔