بیگم کلثوم کے انتقال پر جاتی امراء کی فضاء سوگوار ،شریف خاندان کے افراد ،عزیز وا قارب نے قبر پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی

پارٹی کے مرکزی رہنمائوں سمیت دیگر اہم شخصیات نے نواز شریف اور شریف خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کر کے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی مرحومہ کی رسم قل (کل )جاتی امراء میں ادا کی جائیگی ،صرف شریف خاندان کے افراد اور قریبی عزیز و اقارب شرکت کریں گے شہباز شریف کا اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے آنے والے قائدین سمیت دیگر افراد سے اظہار تشکر رسم قل میں صرف خاندان کے افراد شریک ہونگے ،کارکنان اپنے علاقوں ،مقامی سطح پر قرآن خوانی اور دعا کر کے ایصال ثواب کریں ‘ شہباز شریف کی درخواست

ہفتہ 15 ستمبر 2018 17:46

بیگم کلثوم کے انتقال پر جاتی امراء کی فضاء سوگوار ،شریف خاندان کے افراد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2018ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم کے انتقال پر جاتی امراء کی فضاء سوگوار ہے ،پارٹی کے مرکزی رہنمائوں سمیت دیگر اہم شخصیات نے جاتی امراء رائے ونڈ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور شریف خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کر کے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ، مرحومہ کی رسم قل آج ( اتوار) بعد از نماز عصر تا اذان مغرب تک جاتی امراء رائے ونڈ میں ادا کی جائے گی جس میں صرف شریف خاندان کے افراد اور قریبی عزیز و اقارب شریک ہوں گے،سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پارٹی کے مرکزی رہنمائوں کے ہمراہ تعزیت کیلئے آج (اتوار) جاتی امراء رائیونڈ آئیں گے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز سابق وزیراعظم محمد نواز شریف ، محمد شہباز شریف ،مریم نوا ز، کیپٹن (ر) محمد صفدر ،سلمان شہباز، جنید صفدر سمیت خاندان کے دیگر افراد اور عزیز و اقارب نے جاتی امراء میں مدفون بیگم کلثوم نواز کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں ۔ اس موقع پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔ علاوہ ازیں مسلم (ن) کے مرکزی رہنمائوں خواجہ آصف ، پرویز رشید،مریم اورنگزیب، پرویز ملک ، ذکیہ شاہنواز،چوہدری اقبال چنڑ ،خواجہ عمران نذیر ِ ، علی پرویز ملک، سینئر سیاستدان سیدہ عابدہ حسین، سینئر صحافی حامد میر سمیت دیگر شخصیات نے جاتی امراء رائے ونڈ میں نواز شریف اور شریف خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کر کے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔

عابدہ حسین نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے جمہوریت کیلئے جو قربانیاں دیں انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ترجمان کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی رسم قل آج بروز ( اتوار)کو بعد از نماز عصر سے اذان مغرب تک جاتی امراء رائے ونڈ میں ادا کی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کی جانب سے پارٹی کارکنوں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں اور مقامی سطح پر قرآن خوانی اور دعائوں کا اہتمام کر کے بیگم کلثوم نواز کو ایصال ثواب کریں ۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے آنے والے قائدین اور ہزاروں افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی دعائوں نے دکھ کی اس گھڑی میں پورے خاندان کی ڈھارس بندھائی، قوم کا پیار اور غمگساری زندگی کا اہم سرمایہ ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ قائد مسلم لیگ (ن) و سابق وزیراعظم محمد نوازشریف سمیت پورا شریف خاندان جنازے میں شرکت کرنے والے اور اپنی دعائوں اور تعزیت میں شریک ہونے والے تمام اندرون وبیرون ملک پاکستانیوں، ہمدردوں اور غمگساروں کا تہہ دل سے شکرگزار ہے۔

ان کی محبتوں کی ہمارے دل میں بے حد قدر ہے اور ہمارے دل احساس تشکر سے بھرے ہوئے ہیں۔غیرملکی رہنمائوں، محترم سفراکرام،حکومتی اور دیگر شخصیات کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے تعزیتی پیغامات اور بالمشافہ اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے کہاکہ سفرکی مشکلات اور دشواری کے باوجود ہزاروں افراد کا افسوس کے لئے پہنچنے سے ہمیں حوصلہ ملا اور بڑی بہن کلثوم نواز کے انتقال کی تکلیف میں جس طرح سب نے ڈھارس بندھائی وہ انمول ہے۔

شہباز شریف نے کہاکہ سفر کی دقتوں اور موسم کے پیش نظر درخواست ہے کہ بیگم کلثوم کے ایصال ثواب کے لئے رسم قل میں خاندان کے افراد ہی شریک ہوں گے تاکہ دیگر افراد کو زحمت اور مشکل پیش نہ آئے ۔ہماری درخواست ہے کہ آپ سب مرحومہ بیگم کلثوم نواز کے لئے اپنے علاقوں اور مقامی سطح پر ہی دعائوں اور قرآن خوانی کا اہتمام فرما کر جزائے خیر میں حصہ ڈالیں۔

رسم قل میں صرف شریف فیملی کی شرکت ، عوام، ہمدردوں، غمگساروں ، پرخلوص دعائوں اورمحبت سے ہماری قوت بڑھانے والے دوستوں کو زحمت اور پریشانی سے بچانے کے لئے ہے۔مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ کارکنوں اور عوام سے گزارش ہے کہ وہ گھروں میں رہ کر ہی بیگم کلثوم نواز کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور دعا کریں۔

یہ طے ہوا ہے کہ جاتی امراء میں قل خوانی میں صرف خاندان کے افراد اور عزیز و اقارب شرکت کریں گے۔پیپلز پارٹی کے ترجمان کے مطابق سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پارٹی کے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ آج اتوار جاتی امراء رائے ونڈ میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کریں گے۔