Live Updates

سی پیک میں ہمارا تیسرا اتحادی سعودی عرب ہوگا،فواد چودھری

سعودی عرب کوسی پیک میں شراکت داری کی دعوت دے دی، اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ایک اعلیٰ سطحی وفد پاکستان آئے گا، سعودی عرب سے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 20 ستمبر 2018 18:26

سی پیک میں ہمارا تیسرا اتحادی سعودی عرب ہوگا،فواد چودھری
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 ستمبر 2018ء) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کوسی پیک میں شراکت داری کی دعوت دے دی، سی پیک میں اب تیسرا اتحادی سعودی عرب ہوگا، اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ایک اعلیٰ سطحی وفد پاکستان آئے گا، سعودی عرب سے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان یا پی ٹی آئی کی کوئی ذاتی دشمنی یا لڑائی نہیں ہے۔

پاکستان کے اثاثوں کی حفاظت کرنا حکومت کا کام ہے۔ نوازشریف اور مریم نواز کا جیل میں آنا جانا لگا رہے گا۔ نوازشریف کا نام ای سی ایل میں کیوں ڈالا، اب ان کوتسلی ہوئی ہوگی جوکہتے تھے کہ ان کا نام ای سی ایل میں کیوں ڈال دیا گیا ہے؟ جیسے ان کی کل رہائی ہوئی ہے اگر ای سی ایل میں نام نہ ہوتا تویہ سب شام کوبرطانیہ چلے جاتے۔

(جاری ہے)

پھر ہم ان کوڈھونڈتے رہ جاتے۔

برطانیہ اور سعودی عرب سے پیسے کی واپسی کیلئے معاہدے ہوئے ہیں۔ کیس میں جوخامیاں تھیں ان کودور کیا جائے گا اور نوازشریف کوواپس اڈیالہ جیل میں بھجوایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حسن ، حسین اور اسحاق ڈار کوبھی جیل سے باہر نہیں رہنے دیا جائے گا۔ان کوواپس لے کرآئیں گے۔سعودی عرب سے بات ہوئی ہے ان کوپتا ہی نہیں ہے کہ نوازشریف اور سعودی عرب کے تعلقات کیا ہیں اور آج وہ کہاں کھڑے ہیں۔

سعودی ولی عہد توخود کرپشن کیخلاف ہیں وہ کیسے پاکستان میں کرپٹ شخص کے حق میں ہوسکتے ہیں۔ نوازشریف اتنے اہم نہیں کہ دورہ سعودی عرب میں ان کے بارے بات ہوئی ہو۔ جولوگ کہتے ہیں عمران خان نے ڈیل کرلی ہے تووہ عمران خان کوجانتے ہی نہیں۔عمران خان نہ ڈیل کریں گے اور نہ ہی ڈھیل کریں گے۔ پاکستان کے عوام کا پیسا واپس لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کودوبارہ اسی جگہ پہنچایا جائے گا جہاں وہ کچھ روز پہلے تھے۔

نیب آزاد ادارہ ہے ہم ان کوکنٹرول نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ایک اعلیٰ سطحی وفد پاکستان آئے گا۔ وفد میں وزیرخزانہ ، توانائی سمیت بزنس کے ہیڈ بھی اس میں شامل ہوں گے۔ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ایک بڑی شراکت داری کی بنیاد رکھی جائے گی۔سعودی عرب وہ پہلا ملک ہے جس کوہم نے سی پیک میں تیسرے پارٹنرکے طور پرشراکت داری کی دعوت دی ہے۔

کن منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔اس کافیصلہ کیا جائے گا۔ پاکستان سے بہت بڑی سرمایہ کاری سعودی عرب سے آئے گی۔ سی پیک اور اسٹریٹجک تعاون میں تیسرا اتحادی اب سعودی عرب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہرموقع پرسعودی عرب اورپاکستان اکٹھے کھڑے ہوں گے۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ہے۔ سعودی عرب نے یقین دلایا سعودی عرب پاکستان کےساتھ کھڑا ہے۔

کراچی میں پانی کی فراہمی کیلئے یواے ای سے بات ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے صحافیوں کا کہنا ہے کہ گورنرہاؤس میں عام آدمی چلا گیا ہے ان سب کوبڑی تکلیف ہوئی ہے۔غریب لوگ اندر کیوں چلے گئے؟ بھئی کوڑا چلا گیا ہے توکیا ہوا صاف ہوجائے گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ افغانی اور بنگلادیشی لوگوں کوشہریت دینے کی بات کرو توان کوغش پڑ جاتا ہے۔ فواد چودھری نے جیل میں حنیف عباسی کی تصویر پرکہا کہ امید ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اس پرنوٹس لیں گے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کوسی پیک میں پارٹنرشپ کی دعوت دی ہے۔ سی پیک میں ہمارا تیسرا اتحادی سعودی عرب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایوں کوتبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ ہندوستان سے بات کی ہے وہاں سے مثبت جواب آیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات