کشمیریوں کوروز کربلا جیسی صورتحال کاسامنا ہے ،ْ سید علی گیلانی

شوپیاں میں مظاہرین کیخلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال ، متعدد زخمی

ہفتہ 22 ستمبر 2018 18:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری گزشتہ ستر برس سے زائد عرصے سے حق پر مبنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہ ہر روز کربلا جیسی صورتحال کا سامنا کررہے ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اب تک ساڑھے چھ لاکھ سے زائد کشمیری شہید، لاکھوں زخمی اور اربوں روپے مالیت کی املاک تباہ ہو چکی ہیں لیکن بھارت اور اسکی مقامی کٹھ پتلیوں کی طرف سے جاری جبر و استبداد رکنے کا نام نہیں لے رہا۔

انہوں نے بھارتی پولیس کی طرف سے گزشتہ روز سرینگر میں عاشورہ کے جلوسوں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت کی جس میں بیسیوں عزا دار زخمی ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے حریت رہنمائوں سمیت عزاداروں کی گرفتاری کی بھی مذمت کی۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر کے علاقے جڈی بل میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو کربلا میں تبدیل کر دیا ہے جہاں حق اور باطل اور ظالم اور مظلوم کے درمیان دہائیوں سے جنگ جاری ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما او رجموںوکشمیر انجمن شرعی شیعیان کے چیئرمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر سے جاری ایک بیا ن میں عزاداروں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کو ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قرار دیا۔ دریں اثنا بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے ضلع شوپیاں کے علاقے شرمال میں آج محاصر ے اور تلاشی کی کارروائی کیخلاف پر امن مظاہرہ کرنے والے کشمیریوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

قابض فوجیوں نے ضلع پلوامہ کے کئی دیہات میں بھی محاصرے اور تلاشی کی ایسی ہی کارروائیاں شروع کی ہیں۔بھارتی فوجیوں کے ہاتھوںپا نچ نوجوانوں کی شہادت پر آج دوسرے روز بھی بانڈی پورہ قصبے میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ جموںوکشمیر مسلم کانفرنس نے سرینگر میں ایک اجلاس کے دوران پارٹی چیئرمین شبیر احمد ڈار اورغیر قانونی طور پر نظر بند دیگر کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

جنیوا میں اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں شریک کشمیری وفد نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے ایک تصویری نمائش کا آغاز کیا۔ نمائش میں معروف بین الاقوامی فوٹو جرنلسٹوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں لی گئیں تصاویر رکھی گئی ہیں ۔ جنیوا پریس کلب میں ہونے والی تصویری نمائش میں عام لوگوں کے علاوہ جنیوا یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم طلباء اور انسانی حقوق کے کارکن نمائش میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

کشمیری نمائندوں الطاف حسین وانی اور احمد قریشی نے اس موقع پر عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔ انسانی حقوق کے اجلاس کے سائیڈ لائنز پرمنعقدہ ایک سیمینار سے بیر سٹر عبدالمجید ترمبو، پروفیسر نذیر احمد شال اور دیگر مقررین نے کہا کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دیکر ہی تنازعہ کشمیر کو حل کیا جاسکتاہے۔