سری نگر، بھارتی فوج نے بانڈی پورہ میں 5 نوجوانوں کو شہید کردیا

ہفتہ 22 ستمبر 2018 23:17

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج نے بانڈی پورہ میں 5 نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غاصب بھارتی فوج نے نوجوانوں کو ضلع بانڈی پورہ کے علاقے سملر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔قابض انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت پر احتجاجی مظاہرے روکنے کیلئے ضلع بانڈی پورہ میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کردیئے ہیں۔

انتظامیہ نے طلباء کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کیلئے ڈگری کالج بانڈی پورہ سمیت تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔دریں اثنا ضلع شوپیاں کے علاقے شر مال میں لوگوں نے قابض فورسز کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے خلاف سڑکوں پر نکل کر زبردست احتجاجی مظاہرے شروع کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

قابض اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پیلٹ چلائے اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے بعد قابض اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔

اطلاعات کے مطابق قابض فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔دوسری جانب بھارتی فورسز نے جنوبی ضلع پلوامہ کے کم از کم دس دیہات لاسی پورہ، آرمولہ، عالی پورہ، بٹ نور، گاربگ، نوپورہ پائیں، حجدار پورہ، اچھان وغیرہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔گھر گھر تلاشی میں بھارتی فوج، سپیشل آپریشنز گروپ اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار شامل ہیں۔