Live Updates

بھارت پر تجارتی اور معاشی پابندیاں لگانے پر پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع

پیر 24 ستمبر 2018 16:35

بھارت پر تجارتی اور معاشی پابندیاں لگانے پر پنجاب اسمبلی میں قرار داد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2018ء) تحریک انصاف کی رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے بھارت پر ہر طرح کی معاشی اور تجارتی پابندیاں عائد کرنے کے مطالبے پر مبنی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی ۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مودی سرکار اور اس کے بے لگام بزدل آرمی چیف کے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں۔

مودی اور بھارتی آرمی چیف شیطانی اور چھوٹی سوچ کے حامل ہیںجو اپنی سیاسی اور فوجی ناکامیوں کو چھپانے کی غرض سے کشمیریوں کے قتل عام میں براہ راست ملوث ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان خطے میں امن کے خواہاں ہیںاور اسی سوچ کے پیش نظر انہوں نے بھارت کے ساتھ ہمسائیگی کے تعلقات میں ایک قدم آگے بڑھانے پر دو قدم آگے بڑھانے کی بات کی جسے بین الاقوامی طور پرانتہائی پزیرائی ملی اور خیرسگالی کے اس جذبے کو سراہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ مودی کرپشن کے الزامات کی زد میں ہے اوراسے بھارت کے اندر سیاسی محاذ پر انتخابات میں اپنی واضح شکست سامنے نظر آ رہی ہے۔اس لئے وہ پاکستان کے ساتھ مصنوعی جنگی صورتحال ظاہر کر کے سیاسی فائدے کے لئے اکھاڑہ سجانا چاہتا ہے اور متناسی سلسلہ کی ایک کڑی بھارتی آرمی چیف کے بیانات ہیں۔وہ مودی کی حکومت کے دوام کے لئے پاک بھارت جنگ شروع کر کے اپنے سیاسی عزائم کی تکمیل چاہتا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ،پاکستان کی فوج، ہر سیاسی جماعت اور ہر پاکستانی شہری بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہے۔مسائل کا حل مذاکرات میں ہے لیکن پاکستان کی عظیم فوج اور باوقار عوام کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب ایٹمی قوت ہونے کی مناسبت سے بخوبی دینا جانتی ہے۔یہ ایوان بذریعہ وفاقی حکومت اقوام متحدہ، اوآئی سی اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کی ہٹ دھرمی کا نوٹس لے۔ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں و دیگر بھارتی اقلیتوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ اس ساری صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے بھارت پر ہر طرح کی معاشی و تجارتی پابندیاں عائد کی جائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات