ترقیاتی بجٹ میں توازن کے تسلسل سے جاری عوامی منصوبوں کو مکمل کرنے میں مدد ملے گی،ریاست کی ترقی کی راہ ہموار ہوگی،راجہ فاروق حیدر

ویں آئینی ترمیم ریاست کے عوام کے حقوق کی ضامن ہے، ریاست کی حکومت بیس کیمپ کے لحاظ سے اپنی اولین ذمہ داری مسئلہ کشمیر کو ترجیح اول سمجھتی ہے،وزیر اعظم آزاد کشمیرو موجودہ ترقیاتی بجٹ پر عملدرآمد سے نہ صرف ریاست کی ترقی میں اضافہ ہوگا بلکہ لوگوں کی خوشحالی کی راہ بھی ہموار ہو گی،گفتگو

منگل 25 ستمبر 2018 17:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ترقیاتی بجٹ میں توازن کے تسلسل سے جاری عوامی منصوبوں کو مکمل کرنے میں مدد ملے گی جس سے ریاست کی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔13 ویں آئینی ترمیم ریاست کے عوام کے حقوق کی ضامن ہے۔پاکستان کے ساتھ الحاق کیلیے لاکھوں کشمیریوں نے جان و مال کی قربانیاں دی ہیں اور تسلسل کے ساتھ قربانیوں کا یہ سفر جاری ہے۔

ریاست کی حکومت بیس کیمپ کے لحاظ سے اپنی اولین ذمہ داری مسئلہ کشمیر کو ترجیح اول سمجھتی ہے۔وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم سے الگ الگ گفتگو میں کیا۔وزیراعظم نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور آمدہ کے ترقیاتی اخراجات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ ترقیاتی بجٹ پر عملدرآمد سے نہ صرف ریاست کی ترقی میں اضافہ ہوگا بلکہ لوگوں کی خوشحالی کی راہ بھی ہموار ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ کے اخراجات کے تسلسل کو یقینی بنا کر جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل سے کئی ملین کی بچت یقینی بنائی جا سکتی ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ نے تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے وزیراعظم کو مکمل مالی تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وفاقی حکومت بہترین ورکنگ ریلیشن شپ کے تحت آگے بڑھے گی۔انہوں نے رواں سال کے بجٹ کی تمام گرانٹس کی بروقت ادائگیوں کو یقینی بنانے اور اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات کا یقین دلایا۔دوسری جانب وفاقی وزیر قا نون بیرسٹر فروغ نسیم سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ 13 ویں آئینی ترمیم پر عوام کی خواہشات کو مدنظر رکھنے اور وسیع تر امکانات کا احاطہ کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی تمام سیاسی قیادت کا بنیادی نکات پر اتفاق ہے چند ٹیکنیکل ایشوز ہیں جن کو حل کر کے ایک بہترین ورکنگ ریلیشن شپ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر تبدیلی کی بنیادی وجہ عوام کی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ بننے والے عناصر کو دور کرنا ہوتا ہے اس میں بھی ان ہی اہم امور کو مدنظر رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کی محبت لازوال ہے جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی محبت میں لاکھوں کشمیریوں کی جان و مال کی قربانیاں واضح اعلان ہے کہ کشمیری صرف اور صرف پاکستان کے ساتھ الحاق کریں گے۔انہوں نے کہا پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کا تعلق اٹوٹ ہے جو کبھی کم نہیں ہو سکتا۔اس موقع پر وفاقی وزیر قانون نے وزیراعظم کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوے کشمیریوں کے جذبے کو سراہا۔انہوں نے لاکھوں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی،اخلاقی،اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔