Live Updates

وفاقی کابینہ نے گذشتہ 10سال میں لئے گئے بیرونی قرضوں کے آڈٹ، ای سی ایل میں ڈالے گئے 3ہزار سے زائد ناموں کا ازسرنوجائزہ لینے،

سٹیل مل کے ملازمین کی رواں ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی، ائیر وائس مارشل ارشد محمود ملک کی بطور چیئرمین پی آئی اے، میاں محمد سومرو کی چیئرمین نجکاری کمیشن اورعون عباس پبی کی ایم ڈی پاکستان بیت المال تقرری اوریوریا کھاد خریداری کے لئے پیپرا رول 35 میں نرمی کی منظوری دیدی، کے الیکٹرک کے چینی کمپنی کے ساتھ معاہدے کے جائزہ کے لئے عبدالرزاق دائو کی سربراہی میں کمیٹی کے قائم کر دی ہے،وفاقی کابینہ نے چیئرمین نیب کو ہدایت دی ہے کہ نیب کے ہائی پروفائل کیسز پر کارروائی تیز کی جائے ،ٹیکس ادا نہ کرنے والی سگریٹ ،پینٹ کمپنیوں کے خلاف کریک ڈائوں کا فیصلہ، سمگل شدہ موبائل کے استعمال پر رواں سال کے آخر تک پابندی عائد کر دی جائے گی وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین کی وزیراعظم عمران خان کی زیر صدرات کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

جمعرات 11 اکتوبر 2018 20:06

وفاقی کابینہ نے گذشتہ 10سال میں لئے گئے بیرونی قرضوں کے آڈٹ، ای سی ایل ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے گذشتہ 10سالوں میں لئے گئے بیرونی قرضوں کے آڈٹ،ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں ڈالے گئے 3ہزار سے زائد ناموں کا ازسرنوجائزہ لینے،سٹیل مل کے ملازمین کی رواں ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی، ائیر وائس مارشل ارشدمحمود ملک کو چیئرمین پی آئی اے،میاں محمد سومرو کو چیئرمین نجکاری کمیشن اورعون عباس پبی کی ایم ڈی پاکستان بیت المال تقرری اوریوریا کھاد خریداری کے لئے پیپرا رول 35 میں نرمی کی منظوری جبکہ کے الیکٹرک کے چینی کمپنی کے ساتھ معاہدے کے جائزہ کے لئے وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائو کی سربراہی میں کمیٹی کے قائم کر دی ہے،وفاقی کابینہ نے چیئرمین نیب کو ہدایت دی ہے کہ نیب کے ہائی پروفائل کیسز پر کارروائی تیز کی جائے ،ٹیکس ادا نہ کرنے والی سگریٹ ،پینٹ کمپنیوں کے خلاف کریک ڈائوں کا فیصلہ کیا ہے ، سمگل شدہ موبائل کے اسعتمال پر رواں سال کے آخر تک پابندی عائد کر دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

وہ جعمرات کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدرات کابینہ کے اجلاس کے بعد پی آئی ڈی میں میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ گذشتہ 10سالوں کے دوران لئے گئے تمام قرضوں کے استعمال کا آڈٹ کرایا جائے ،حکومت کی یہ ترجیح ہے کہ ملک کو لوٹنے والوں سے پیسہ واپس لایا جائے ،ہماری اس کوشش کے خلاف اپوزیشن احتجاج کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح پارلیمنٹ نے انتخابی دھاندلی پر پارلیمانی کمیٹی قائم کی ہے اسی طرح آج وزیراعظم عمران خان سے اجازت لینے کے بعد پارلیمنٹ میں قرار داد لائوں گا جس میں یہ مطالبہ ہوگا کہ گذشتہ 10سالوں میں پاکستان کو موجودہ صورتحال تک پہنچانے والوں کا تعین کرنے کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جو قومی مجرموں کے خلاف مقدمات چلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ائیر وائس مارشل ارشد خان کو چئیرمین پی آئی اے تعینات کرنے کی منظوری دی ہے ،نئے چیئرمین پی آئی اے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پی آئی اے کی ری سٹریکچرنگ ،آپریشنل امور کو بہتر بنائیں کیونکہ اس وقت پی آئی اے پر 406 ارب روپے کا قرض ہے اور ماہانہ پی آئی اے 2ارب کا نقصان کر رہی ہے، ابھی سی ای او پی آئی اے کی تقرری میں تاخیر ہے، سی ای او پی آئی اے کی تقرری کے لئے اشتہار جلد شائع ہو گا جس کے بعد باقی مراحل مکمل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد نیو انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے آغاز کے وقت تخمینہ لاگت 36سے 38ارب روپے تھی لیکن جب منصوبہ مکمل ہوا تواس کی لاگت 100ارب سے بھی بڑھ گئی ،کابینہ نے منصوبے کا تفصیلی آڈٹ ،پرفارمنس آڈٹ کرانے کی منظوری بھی دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے چیئرمین نیب کو ہدایت دی کہ ہائی پروفائل کیسز کی انکوائری اور تحقیقات کے عمل کو تیز کریں ،ہائی پروفائل کیسز بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔

وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کابینہ نے ای سی ایل کے معاملے کا بھی جائزہ لیا ہے، اس وقت ای سی ایل پر 3ہزار سے زائد نام ڈالے گئے ہیں ،کابینہ نے وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی کو ہدایت دی ہے کہ ای سی ایل فہرست کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے ،کہیں سابق حکومت نے سیاسی انتقام پر بے گناہ لوگوں کو ای سی ایل پر تو نہیں ڈالا ،کابینہ کے آئندہ اجلاس میں وزیر داخلہ تفصیلی رپورٹ پیش کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت دی کہ ایف بی آر اصلاحات جلد سامنے لائی جائیں، کابینہ نے 21کروڑ کی آبادی میں سے 70 لاکھ ٹیکس گذاروں کی جانب سے 2لاکھ سے زائد سالانہ آمدن ظاہر کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، سگریٹ کی صنعت میں 98 فیصد ٹیکسز صرف دو کمپنیاں ادا کر رہی ہیں ،بافی سگریٹ کمپنیاں غیر قانونی طور پر سگریٹ فروخت کر رہی ہیں اسی طرح پینٹ کی صنعت میں بھی صر ف دو سے تین کمپنیاں ٹیکس ادا کر رہی ہیں ،تمام سگریٹ اور پینٹ کمپینوں کو ٹیکس نیٹ کے دھارے میں لانے کے لئے بھرپور کریک ڈائون کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان میں سمگل شدہ موبائل فون استعمال نہیں کیے جائیں گے، اس لئے رواں سال کے آخر تک سمگل شدہ موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی جائے گی ،ٹیکسز ادائیگی کے بعد پاکستان موبائل فون آسکیں گے۔ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کی ترسیلات زر 40ملین ڈالر ہے لیکن 10ملین ڈالر قانونی طریقے سے پاکستان آرہے ہیں ،وزیراعظم عمران خان نے سٹیٹ بینک کو ہدایت دی ہے کہ ترسیلات زر کو بڑھایا جائے اگر 10ملین ڈالر مزید بڑھ جائیں تو ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہیلتھ کارڈ کا اجراء کر رہی ہے، ہیلتھ کارڈ کے زریعے غریب لوگ ساڑھے تین سے چار لاکھ روپے کا علاج کراسکیں گے اور تمام اخراجات حکومت برداشت کریگی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے اسحاق ڈار کی سمری پر مقرر کیے گئے اداروں کے سربراہان کو عہدوں سے ہٹانے کے احکامات دیدیئے ہیں ،متعددافسران چارج چھوڑ چکے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یکساں نظام تعلیم کے سلسلے میں علماء کرام اور وفاق المدارس کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی ہے اور ادارہ جاتی ریفارمز کے لئے وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے ،مدارس سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ،حکومت پرائیویٹ تعلیمی نظام کو بھی اسی دھارے میں لانا چاہتی ہے اس پر بھی کام ہورہا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وسل بلور ایکٹ تیار ہے ،اگر پارلیمنٹ کے اجلاس میں تاخیر ہے تو جلد آرڈیننس کی صورت میں یہ وسل بلور نافذ کر دیا جائے گا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات