نومبر کا جلسہ ثابت کردے گا بلاول بھٹو زرداری ہی پاکستان کے نوجوانوں کیلئے امید کی کرن ہیں‘ سید خورشید احمد شاہ

جیالوں نے ضیا الحق کے مارشل لا میں بھی جلسے جلوس اور ریلیاں نکال کر ثابت کیا کہ وہ مشکلات میں بھی سو فیصد نتائج دے سکتے ہیں، سابق قائد حزب اختلاف

پیر 12 نومبر 2018 18:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) سابق قائد حزب اختلاف اورپاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ملک کے کسی بھی کونے میں جب چاہئے جہاں چاہئے عوام کا جم غفیر جمع کرسکتے ہیں جیالوں نے ضیا الحق کے مارشل لا میں بھی جلسے جلوس اور ریلیاں نکال کر ثابت کیا کہ وہ مشکلات میں بھی سو فیصد نتائج دے سکتے ہیں ۔

یوم تاسیس کے سلسلے میں 30نومبر کو سکھر میں ہونیو الا جلسہ ملکی تاریخ میں امید کی نئی کرن ثابت ہوگا اور یہ جلسہ ثابت کریگا بلاول بھٹو زرداری ہی پاکستان کے نوجوانوں کیلئے امید کی کرن ہیں۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے پی پی پی کے 51ویں یوم تاسیس کے حوالے سے قائم کی گئی کمیٹی کے اجلاس میں کیا۔ پی پی پی میڈیا سیل سے جاری اعلامیہ کے مطابق کمیٹی کا اجلاس سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں ان کی رہائش گاہ پرہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں خورشید شاہ، نثار کھوڑو، منظور وسان، وقار مہدی، ناصر شاہ، انور خان مہر، اویس قادر شاہ، اعجاز جاکھرانی، نعمان اسلام الدین شیخ شرکت کی۔ اجلاس کے شرکا میں اس بات پر اتفاق کیا گیا جلسے کے انتظامات کے حوالے سے پنڈال کی تیاری 28نومبر کو شروع کی جائے گی جبکہ اراکین مجلس 16 نومبر کو دوبارہ انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے سکھر میں خورشید احمد شاہ کے گھر پر جمع ہونگے اور 17نومبر کو یوم تاسیس کے جلسہ کے حوالے سندھ کونسل کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

اس موقع پر پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی کا کہنا تھا کہ یوم تاسیس جلسہ پاکستان میں سیاست میں نئے رنگ بھر دے گا۔30 نومبر پورے پاکستان کے محنت کشوں کے لیے یادگار دن ہے۔30 نومبر جلسہ ثابت کرے گا کہ بلاول بھٹو زرداری ہی نسل نو کا عنوان ہیں۔جلسے کے حوالے سے مختلف تنظیموں پر مبنی کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائیں گی اور سکھر شہر کو پارٹی پرچم، بینرز اور ہولڈنگز سے سجایا جائے گا اور مختلف اضلاع سے آنے والے کارکنان کیلئے استقبالیہ کیمپ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

جلسے میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری,سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری، مرکزی و صوبائی عہدیداران بھی خطاب کریں گے۔ جلسہ میں چاروں صوبوں سمیت گلگت، بلتستان اور کشمیر سے پارٹی کارکنان و عہدیداران شرکت کرینگے۔