نام نہاد انتخابات حق خود ارادیت کا ہرگز نعم البدل نہیں، میرواعظ

بھارت انتخابات کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرتا ہے، کشمیری انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کریں، اجتماع سے خطاب

ہفتہ 17 نومبر 2018 16:49

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ محمد عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیری حریت قیادت اور عوام نے ہر طرح کے نام نہاد انتخابات کو کلی طور پر مسترد کردیا ہے کیونکہ یہ انتخابات حق خود ارادیت کا ہرگز نعم البدل نہیں البتہ بھارت ان انتخابات کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے ۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کشمیری پنچایتی انتخابات کا بھی اسی طرح مکمل بائیکاٹ کریں گے جس طرح انہوں نے میونسپل انتخابات کا کیا تھا۔ انہوںنے کہا کہ جہاں سارے حقوق طاقت کے بل پر سلب کرلئے گئے ہوں، جہاں فوج کو بے پناہ اختیارات کے تحت کسی بھی شہر ی کے گھر میں گھس کر کسی بھی فرد کو نشانہ بنانے کی کھلی چھوٹ ہو ،جہاں رہائشی مکانات بموں اور بارود سے کھنڈرات میں تبدیل کئے جاتے ہوں ،جہاں اپنے حق کے مطالبہ کی پاداش میں برسوں معصوم لوگوںکو جیلوں میں سڑایا جاتا ہو ، جہاں کالے قوانین کے تحت نوجوانوںکو برسوںپابند سلاسل رکھا جارہا ہوہاںجمہوریت کی بات کرنا جمہوریت کی توہین کے مترادف ہے ۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے کہا کہ مہذب دنیا میں انتخابات کو ایک جمہوری عمل تصور کیا جاتا ہے اور کوئی بھی باہوش انسان اسکی مخالفت نہیں کرسکتا تاہم جموںوکشمیر میں جب تک حقیقی جمہوریت کو بحال نہ کیا جائے اور کشمیریوں کے جذبات اور احساسات اور بے پناہ قربانیوں کو مد نظر رکھ کر حق خودارادیت کی بنیاد پر مسئلہ کشمیرکو حل کرنے کیلئے اقدامات نہ اٹھائے جائیں تب تک نہ تو کشمیریوں کے سیاسی مستقبل کا تعین ہو سکے گا اور نہ ہی موجودہ غیر یقینی حالات میں تبدیلی آسکے گی۔

میرواعظ نے کہا کہ کشمیریوں کا ایک ہی مطالبہ ہے اور وہ حق خود ارادیت ہے۔دریں اثنا میرواعظ عمر فاروق سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں سید علی گیلانی کی رہائش گا ہ پر گئے اور ان سے انکے داماد غلا م حسن مخدومی کی وفات پر تعزیت کی۔