عوامی نیشنل پارٹی چمن کے زیراہتمام ٴْخان جیلانی اچکزئی کی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام میں منظور کی گئیں قرار دادیں

ہفتہ 17 نومبر 2018 22:17

چمن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام چمن میں شہید وطن خان جیلانی اچکزئی کی آٹھویں برسی کے مناسبت سے منعقدہ جلسہ عام میں متعدد قراردادیں منظور کی گئیں جس میں کہا گیا کہ آج کا یہ جلسہ عام شہید وطن خان جیلانی خان اچکزئی کوا نکی قومی سیاسی وطنی خدمات اور جان کا نذرانہ پیش کرنے پر سرخ سلام پیش کرتا ہے اور یہ عہد کرتا ہے کہ شہید کے ارمانوں کی تکمیل وطن کی خوشحالی ،ترقی اورامن کے قیام ،انتہاء پسندانہ رجحانات کی نفی ،بھائی بندی کے فروغ کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریگایہ اجتماع ملک بھر میں انتہاء پسندی ،دہشت گردی ، ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے اور گزشتہ دنوں اسلام آباد سے ایس پی طاہر داوڑ کے اغواء اور بعدازاں انکو بہیمانہ طریقے سے قتل کرنے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتا ہے اور وفاقی و پشتونخوا حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس حوالے شکوک و شبہات کو ختم کرکے اس واقعہ کے اصل محرکات کو سامنے لائے اور نیشنل ایکشن پلان پر اسکی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ،ْسی پیک مغربی روٹ کو نظر انداز کرنے کی پالیسی کو پشتون قوم کے معاشی قتل عام تصور کرتے ہوئے یہ اجتماع مطالبہ کرتا ہے کہ مغربی روٹ ،صنعتی پارک ،فائبر آپٹک ،ریلوے ٹریک کو فی الفورمنصوبے کا حصہ بنایا جائے اور پشتونوں ،بلوچوں میں پائی جانے والی احساس محرومی کے خاتمے کیلئے فی الفور اقدامات اٹھائے جائیں ۔

(جاری ہے)

یہ اجتماع وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فاٹا ریفارمز اور اسمبلی قرار داد پر فوری عملدرآمد کراتے ہوئے فاٹا کو عملی طورپر پشتونخوا کا حصہ بنایا جائے صوبائی اسمبلی اور لوکل باڈیز انتخابات کے انعقاد کو ممکن بناکروہاں کے غیوراولس کو تمام تر بنیادی انسانی ضروریات فراہم کی جائیں۔یہ اجتماع عام انتخابات میں پارٹی کا مینڈیٹ چوری کرنے اور قیادت کو اسمبلی سے باہر رکھنے کی پالیسی کو رد کرتا ہے اورضمنی انتخابات میں بھر پور کامیابی کو خوش آئند اور نیک شگون قرار دیتے ہوئے اسے اولس کی حقیقی ترجمانی کا عکس سے تعبیر کرتا ہے یہ جلسہ عام ڈیمو کی تعمیر کو وقت اور حالات کی ضرورت سمجھتا ہے لیکن اسکی آڑ میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر پربضد رہنے کو وفاق کو کمزور اور اسکے خلاف گہری سازش سمجھتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ ملک کی تین اکائیوں کی متفقہ قرار دادوں پرعمل کرکے اسے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کیا جائے۔

آج کایہ جلسہ عام وفاقی حکومت اوردیگرقوتوں کی جانب سے مبینہ طور پر اٹھارویں ترمیم کو رول بیک کرنے کو چھوٹی قومیتوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے مطالبہ کرتا ے کہ اٹھارویں ترمیم چھوٹی اکائیوں کے مفادات کا تحفظ اور وفاق کے استحکام کی واحد ضمانت ہے اسے رول بیک کرنے سے اجتناب کیا جائے۔آج کا یہ اجتماع مطالبہ کرتا ہے کہ لیویز نظام کو مضبوط تر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں انکے اختتیارات پولیس کے حوالے کرنے کو امن و امان میں خلل ڈالنے اور قبائلی روایات کو پامال کرنے کی دانستہ کوشش سمجھتا ہے۔

یہ اجتماع سندھ حکومت اور کراچی کی شہری حکومت کے پشتون دشمن اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ کراچی اور سندھ کی ترقی میں پشتونوں کا کلیدی کردار ر ہا ہے اور یہ پشتون آبادی کی سب سے بڑی آبادی ہے تجاوزات کے خاتمے کے نام پر ان پر روزگار کے دروازے بند کرنا امتیازی سلوک ہے لہذا انکے نقصانات کازالہ کیا جائے اورانہیں باعزت زندگی اور باوقار روزگار کے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں اور پشتون محنت کشوں اور تاجروں کے خلاف ناروامقدمات واپس لیکر انہیں امتیازی سلوک اور رویہ کا نشانہ بنائیں۔