اشرف صحرائی کی وادی میں عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت

کوٹ بھلوال جیل میں8 سال سے نظربند ناصر عبداللہ کی بگڑتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش

منگل 20 نومبر 2018 13:03

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے وادی کشمیرکے طول وعرض میں بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ شدید سرد موسم میں تلاشی اور چھاپوں کے دوران لوگوں پر ظلم تشدد اور انکی املاک کو نقصان پہنچایا جارہا ہے ۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ لوگوں کے شناختی کارڈ اور موبائل فون چھینے جارہے ہیں اور بستیوں پر یلغار کرکے خوف ودہشت کا ماحول پیدا کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی کے ہر علاقے سے بھارتی فورسزکے مظالم کی شکایات آرہی ہیں اور کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، اسلام آباد،کولگام، شوپیان، پلوامہ، مورن، لاسی پورہ، ترال، زینہ پورہ ،حاجن، سمبل، سیر ہمدان اور دیگر علاقوں میں لوگوں پر تشدد کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

سیر ہمدان میں مقامی پولیس نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے اور اسکول جانے والے معصوم بچوں کو بھی نہیں بخشا جارہا ہے۔ دریں اثناء محمد اشرف صحرائی نے کوٹ بھلوال جیل میں نظربند ناصر عبداللہ کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 8 سال سے جھوٹے الزامات کے تحت جیل میں ہیں اور انہیں علاج و معالجے کی سہولت فراہم نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے اس کی صحت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہیرا نگر جیل میں نظربندکشمیریوں کے لواحقین نے کہا کہ انہیںطویل سفر طے کرنے کے بعد اگرچہ جیل میں نظربند اپنے بچوںسے ملنے کی اجازت دی گئی لیکن ان کے لیے لائے گئے کپڑے اور دیگراشیاء واپس کردی گئیں۔ لواحقین کے مطابق ہیرانگر جیل میں سیاسی قیدیوں پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ موجودہ سائنسی دور میں بھی کشمیری عوام کوحیوانوں سے بدتر زندگی گزارنے پر مجبورکیا جارہاہے اور ہمارے انسانی ، سیاسی ،قانونی اور سماجی سمیت تمام حقوق پامال کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نام نہاد مہذب معاشروں میں حیوانوں کے حقوق پر شور مچایا جاتا ہے لیکن جموںو کشمیر میں نہتے اور بے گناہ لوگوں کا خون بہانے پر جمہوریت کے دعویداروںکے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کی طرف مبذول کراتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ وہ کشمیر ی عوام کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔