غربت اور جہالت کے خلاف ہماری جنگ ہے، نوجوان پاکستان کے سفیر ہیں انہیں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے،

پاکستان ہر گزرتے دن ترقی کرے گا وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا بین الاقوامی سٹوڈنٹس ایکسپو سے خطاب

بدھ 12 دسمبر 2018 22:40

غربت اور جہالت کے خلاف ہماری جنگ ہے، نوجوان پاکستان کے سفیر ہیں انہیں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ غربت اور جہالت کے خلاف ہماری جنگ ہے، نوجوان پاکستان کے سفیر ہیں انہیں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، ہم انسانیت کے خلاف کسی بھی اقدام پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان ہر گزرتے دن ترقی کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں بین الاقوامی سٹوڈنٹس ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کی اہمیت کا احساس ہے، کسی بھی ملک میں نوجوان اہم اثاثہ ہوتے ہیں، دنیا میں 48 فیصد نوجوان ہیں، آج دنیا بیروزگاری اور غربت کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو بہتر مستقبل دینا ہوگا، یہی نوجوان کل فیصلہ سازی میں اہم کردار ادا کریں گے، افریقہ کے نوجوانوں نے بھوک اور ناانصافی کا مقابلہ کیا، کشمیری نوجوانوں کو جدوجہد مسلسل پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اپنے آپ کو سب سے بڑی جمہوریت کہنے والے انسانی حقوق کو پامال کر رہے ہیں، دنیا نے مسئلہ کشمیر کو زیادہ اہمیت نہیں دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان 1960ء میں سب ممالک سے زیادہ ترقی کر رہا تھا، پھر 1979ء میں ہمارا خطہ جنگ کا شکار ہوا جس سے ہمیں نقصان ہوا، پاکستان کے نوجوانوں کو اب امن اور انسانیت کا سفیر بننا ہو گا۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ ملکی قومی سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ دیتا ہے، تمام مذاہب کی مکمل آزادی پر یقین رکھتے ہیں، مذہبی انتہاء پسندی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، ساے قبائلی علاقہ میں جلد امن ہو گا، بلوچستان کے تمام سٹیک ہولڈرز کو گلے لگانے کو تیار ہیں، بلوچستان کے لوگوں کے ماتھوں کا جھومر نیا پاکستان بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ جو آئین پاکستان کو چیلنج کری گا ریاست اس پر ہاتھ ڈالے گی، وزیراعظم نے کہا ہے کہ پہلے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالو، مفلسی اور بدعنوانی کے خلاف ہماری جنگ ہے، جنوبی پنجاب کو محرومیاں دینے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کریں گے، شور مچانے والوں سے حساب لیں گے، اب سندھ کا پیسہ کسی کو نہیں کھانے دیں گے، گلگت بلتستان، فاٹا، جنوبی پنجاب سمیت ملک کے تمام علاقوں کے عوام کی محرومیوں کو دور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنی زبان میں مسئلہ کشمیر کے بارے میں دنیا کو بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان پاکستان کو مجبور نہ کرے ہم امن پسند ملک ہیں، کرتارپور بارڈر کھولنا امن اور انسانیت کی لازوال داستان ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ آج ہم دنیا کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ ہم متحد ہیں، جو ہمیں آپس میں لڑانا چاہتے ہیں ان کو شکست ہو گی، نوجوانوں کو دنیا میں اپنی قابلیت ثابت کرنا ہو گی، کرپشن کو شکست دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور جرائم ہوتے ہیں لیکن ان پر کوئی بات نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے سفیر ہیں اور انہیں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انسانیت کے خلاف کسی بھی اقدام پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان ہر گزرتے دن ترقی کرے گا۔