بھارت کشمیریوں کی نسل کشی بند کرے، پلوامہ قتل عام نے گورنر ستیا پال جھوٹے دعوئوں کی قلعی کھل دی، انجینئر رشید

ہفتہ 15 دسمبر 2018 16:55

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پوامہ میں نوجوانوں کے بہیمانہ قتل عام پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ستیاپال ملک بھارتی نوآبادیاتی طرز عمل اور جبر و استبداد کے خلاف آواز اٹھانے والے ہر کشمیری کو قتل اور اسکا منہ بندکرانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انجینئر عبدالرشید نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں بھارت سے کہا کہ وہ کشمیریوں کی نسل کشی بند کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ قتل عام نے گورنر ستیا پال کے ان جھوٹے دعوئوں کی قلعی کھل دی ہے کہ کشمیر میں سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے۔ انہوں نے عالمی برادر ی سے اپیل کی کہ وہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے ۔ انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ بھارت کو کشمیریوں کے بہیمانہ قتل عام سے روکیں۔یاد رہے کہ بھارت فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران ہفتے کے روز ضلع پلوامہ کے علاقے کھر پورہ سرنو میں دس کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔