کشمیر میںبھارتی فوج نے اپنی ظلم و بربریت اور وحشت سے تاریخ کے تمام ظالموں اور جابروں کو مات دیدی‘ علی گیلانی

پرامن احتجاج کرنے والوں پر جان لیوا ہتھیاروں کے استعمال کا کیا جواز ہی پیلٹ گن اوردیگر مہلک ہتھیار استعمال کرنے کا کیا جواز ہی کشمیری عوام گزشتہ 71برس سے اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کا مطالبہ کررہے ہیں جس کا وعدہ بھارت نے بین الاقوامی سطح پر ان سے کر رکھا ہے

پیر 17 دسمبر 2018 13:52

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے پلوامہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 11نہتے کشمیری نوجوانوں کے قتل اور سو سے زائدفراد کو گولیوںاور پیلٹ گنوں کے ذریعے زخمی کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ ہم نے تاریخ کی کتابوں میں چنگیز خان اور ہلاکو خان کے ظلم کے بارے میں پڑھا تھا، مگرکشمیر بھارتی فوج نے اپنی ظلم و بربریت اور وحشت سے تاریخ کے تمام ظالموں اور جابروں کو مات دی ہے۔

انہوںنے کہا کہ پلوامہ میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کو کھلی درندگی قراردیتے ہوئے کہاکہ اس میں ملوث بھارتی فوجی کسی بھی طورپر انسان کہلانے کے لائق نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ بھارت خود کو ایک بڑی فوجی طاقت قراردیتا ہے اوراسکے فوجی جموںو کشمیر میں نہتے انسانوں پر تمام جنگی ہتھیاروں کا استعمال کرکے ظلم وجبر اور سفاکیت کی نئی داستان رقم کرر ہے ہیں۔

سیدعلی گیلانی نے کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ 71برس سے اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کا مطالبہ کررہے ہیں جس کا وعدہ بھارت نے بین الاقوامی سطح پر ان سے کر رکھا ہے تاہم بھارت اب اس وعدے سے مکر گیا ہے اور فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانا چاہتا ہے ۔حریت چیئرمین نے ’’انسانیت اور جمہویت ‘‘ کے دعوے داروں سے سوال کیا کہ پرامن احتجاج کرنے والوں پر جان لیوا ہتھیاروں کے استعمال کا کیا جواز ہی پیلٹ گن اوردیگر مہلک ہتھیار استعمال کرنے کا کیا جواز ہی انہوں نے واضح کیا کہ دنیا کے کس قانون کے تحت نہتے لوگوں پر آتشی ہتھیاروں کے استعمال کی اجاز ت نہیں ۔

انہوںنے کہا کہ بھارت میں بھی جگہ جگہ احتجاج، دھرنے اور مظاہرے ہوتے ہیں، لیکن وہاں طاقت اور گولیوں کا استعمال نہیں ہوتا ہے۔ کشمیر میں کیونکہ مسلمان اپنے حقوق کے لیے احتجاج کررہے ہیں اس لیے ان پر ہر قسم کا ظلم، مہلک ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال اور ہر قسم کی قدغن بھی جائز ہے۔انہوںنے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر مہلک ہتھیار آزمائے جاتے ہیں تاہم ’’انسانیت، جمہوریت اور کشمیریت‘‘ کا درس دینے والے قاتل اور اُن کے مقامی حواریوں کی زبانوںسے کوئی لفظ نہیں نکلتا ۔

ادھر تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں اپنے حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے والے نہتے کشمیریوں پر بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف احتجاج تحریک نئی نہیں اور بھارت نے ہمیشہ وادی کشمیرمیں بڑے عوامی انتفادہ کو ظلم و تشدد، قتل عام ، گرفتاریوں اوردیگرمظالم کے ذریعے ہی نمٹاہے۔ انہوں نے نہتے کشمیریوں کے حالیہ قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوںکی اس نسل کُشی کو کوئی بھی ذی حس اور باضمیر انسان برداشت نہیں کرسکتا۔