مقبوضہ کشمیر میںبھارت کے مظالم اس کی سفاکیت اور درندگی کی گواہی دے رہے ہیں ‘ سید علی گیلانی

اہل کشمیر گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقوق کی جنگ لڑرہے ہیںاور ہرقسم کی قربانیاں دے رہے ہیں

پیر 24 دسمبر 2018 13:39

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہاہے کہ اہل کشمیر گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے اس بیان کو مضحکہ خیز اور افسوس ناک قرار دیا ہے کہ کشمیری حریت پسند کسی بھی واقعے کو بھارت کے خلاف استعمال کرنے کا موقع ضائع نہیں کرتے۔

انہوںنے کہ ہم بار بار اپنے اس عزم کو دہرا چکے ہیں کہ ہم بھارت اور اس کے عوام کے دشمن نہیںلیکن مقبوضہ علاقے میں بھارت کے مظالم ہروقت اس کی سفاکیت اور درندگی کی گواہی دے رہے ہیں۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ ہم اپنے جگر گوشوں کے جنازے اٹھارہے ہیں، ہماری آنکھیں اپنے گمشدہ پیاروںکے انتظار میں پتھرا گئی ہیں، ہم شہروگام اپنے نوجوانوں کے قبرستان بسارہے ہیں، لیکن بھارت کے مغرور حکمران صرف زمین پر قبضہ قائم کرنے کے لیے طاقت اور اسلحے کا بے تحاشا استعمال کرکے کشمیر میں ایک بڑی انسانی آبادی کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے درپے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنے ظلم وجبر اور درندگی کے بے شمار واقعات کو چھپانے کے لیے ہمسایہ ملک پر الزام لگانے سے قابض بھارت بری الذمہ نہیں ہوسکتا۔ دس لاکھ بھارتی فوج جدید ترین اسلحہ کے ساتھ جبروقہر کی نئی داستان رقم کرکے چنگیز وہلاکو کو بھی شرمسار کررہی ہے۔ 18ماہ کی بچی سے لے کر 80سال کے بزرگ تک کو اپنی وحشت کا نشانہ بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ساری مصیبت کی جڑ بھارتی حکمرانوں کا غیر قانونی اور غیر اخلاقی قبضہ ہے جس کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے لیے بھارت نے کشمیری قوم کو مصائب کے دلدل میں پھنسا دیا ہے اور اسے نکلنے کی کوشش میں ہم نے آج تک 6لاکھ سے زائد انسانی جانوں کی بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کے ایسے بچگانہ بیانات سے حقائق تبدیل نہیں ہوسکتے۔ انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کی گونج اب پوری دنیا میں سنائی دے رہی ہے اور بہت جلد مظلوم کشمیری عوام کی جدوجہد ایک مضبوط اور طاقتور آواز بن کر پورے اقوامِ عالم کو اپنی طرف متوجہ کرے گی اوربھارت یہاں سے بھاگنے پر مجبور ہوگا، کیونکہ تاریخ گواہ ہے کہ ظلم وجبر کے سہارے کسی بھی قوم کو ہمیشہ کے لیے غلام نہیں رکھا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کے حکمران اور وہاں کے عوام جانتے ہیں کہ سازشوں کا جال بچھا کر، خوف ودہشت کا ماحول پیدا کرکے اور اقتدار اور جاہ وحشمت کا لالچ دے کر دلالوںاور چاپلوسوں کی ایک کھیپ تیار تو کی جاسکتی ہے جو ظالم کے ناجائز قبضے کو کچھ عرصہ کے لیے سہارا دے سکتے ہیں، لیکن غاصب قوتیں ان چاپلوسوں کے بل پر کسی قوم کو زیر کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتیں۔ انسانی لہو کے سوداگر ایک نہتی قوم پر اپنے خلاف جذبات بھڑکانے کا الزام لگاکر اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ کشمیریوں میں اُن کے خلاف ایک لاوا موجود ہے جس کو یہ لوگ خود اپنی درندگی سے ہوا دے رہے ہیں، تاکہ قتل وغارت کی نت نئی وارداتوں کے لیے جواز پیدا کیا جائے۔