پیپلز پارٹی کوٹلی سٹی کی تنظیم میں دراڑ پڑ گئی عہدیداران کا بغاوت کا اعلان

ہم نظریاتی لوگ ہیں موجودہ تنظیم اور عہدیداران کے ساتھ ہمارے لیے نہایت مشکل ہے،جنرل سیکرٹری عامر شاہ

پیر 7 جنوری 2019 17:31

کوٹلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2019ء) پیپلز پارٹی کوٹلی سٹی کی تنظیم میں دراڑ پڑ گئی ،عہدیداران نے بغاوت کا اعلان کر دیا،تنظیم واضح طور پر دو دھڑوں میں تقسیم ہو کر رہ گئی باغی عہدیداران نے دیگر عہدیداران کے ساتھ چلنے سے صاف انکار کر دیا،جنرل سیکرٹری سٹی کوٹلی سید عامر شاہ اور سینئر نائب صدر شاہد کم،ال چوہدری نے اپنی علیحدہ اور متوازی تنظیم کھڑی کرنے کا عندیہ دے دیا۔

جنرل سیکرٹری عامر شاہ نے میڈیا نمائندگان کو اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ ہم نظریاتی لوگ ہیں موجودہ تنظیم اور عہدیداران کے ساتھ ہمارے لیے نہایت مشکل ہے ہم ان لوگوں کے ساتھ نہیں چل سکتے۔ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے،تنظیم اورپارٹی کے سینئر رہنمائوں کے ساتھ ہماری ذہنی ہم آہنگی نہیں ہو سکتی اس لیے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ سٹی کے اندر نظریاتی کارکنوں پر مشتمل علیحدہ تنظیم بنا کر کام کریں گے،ہمیں دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم بیساکھیوں کی ضرورت نہیں اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر تنظیم کھڑی کر کے دکھائیں گے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ مذکورہ بالا دونوں عہدیداران نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر اپنی تنظیم سے بغاوت کر کے اپنی علیحدہ پروگرام میں حصہ لیا تھا۔حلقہ اور سٹی کی تنظیموں کی طرف سے منعقدہ پروگرام میں شرکت کی بجائے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے پروگرام میں شرکت کی تھی اسی طرح شہید ذوالفقار علی بھٹو شہید کی سالگرہ کے موقع پر ان دونوں عہدیداران نے سٹی کوٹلی کی طرف سے منعقدہ پروگرام میں شرکت نہ کر کے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ ان کا تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ہمیں اوپر سے گرین سگنل مل گیا ہے ہم اپنی علیحدہ تنظیم کھڑی کریں گے جس پر کام جاری ہے آئندہ چند دنوں میں علیحدہ تنظیم کا اعلان کر دیا جائے گا اس سلسلہ میں کارکنان سے رابطے مکمل کر لیے ہیں۔