Live Updates

عمران خان نے قوم کو حسب عادت ایک اور دھوکہ دیا، منافع کیلئے مرغیوں اور انڈوں کے کاروبار کا تو عوام کوبتادیا مگر سلائی مشینوں کے کاروبار اور منافع کا مشورہ صرف اپنی بہن کو دیا ،امیرمقام

حکومت سے قبل حساب کتاب کرنیوالے اسد عمر کا کلکولیٹر خراب ہوچکا ہے، مہمند ڈیم کا ٹھیکہ من پسند شخص اور اپنے مشیر کو دینے کیخلاف جے آئی ٹی بنائی جائے،صدر مسلم لیگ (ن ) خیبرپختونخوا

منگل 15 جنوری 2019 22:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخواکے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے عمران خان نے قوم کو حسب عادت ایک اور دھوکہ بھی دیا کہ منافع کیلئے مرغیوں اور انڈوں کے کاروبار کا تو عوام کوبتادیا مگر سلائی مشینوں کے کاروبار اور منافع کا مشورہ صرف اپنے بہن کو دیا جو اربوں روپوں کا منافع رہا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف سپریم کورٹ سے بھی بری ہوگئے تاہم مستقبل پاکستان مسلم لیگ ن کی ہے اور بہت جلد موجودہ حکومت کی طرف سے مسلط کئے گئے بحرانوں پر قابو پالیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے قبل حساب کتاب کرنے والا اسد عمر کا کلکولیٹر خراب ہوچکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورکنگ کمیٹی اجلاس کے بعدذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی، تمام پارلیمنٹیرینز، صوبائی کابینہ کے ارکان، ضلعی صدور وجنرل سیکریٹریز اور مسلم لیگ ن کے امیدواروں سمیت تمام ونگز کے عہدیداران بھی موجود تھے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پارٹی گراس روٹ لیول سے منظم کریں گے، ہر صوبائی حلقہ کی سطح پر کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا، کارکنان کسی بھی وقت نئے عام انتخابات کیلئے الرٹ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے عام انتخابات کا مطالبہ ہمارا نہیں بلکہ ان لوگوں کا مطالبہ ہوگا جنہوں نے تحریک انصاف کو سپورٹ کیا تھا کیونکہ حکومت اپنے تمام وعدوں کی تکمیل میں ناکام رہی۔انجینئر امیر مقام نے مطالبہ کیا کہ مہمند ڈیم کا ٹھیکہ من پسند شخص اور اپنے مشیر کو دینے کیخلاف جے آئی ٹی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہمند ڈیم پی ٹی آئی دور میں نہیں بلکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے دور اقتدار میں منظور ہو چکا تھا اور ٹینڈرز بھی جاری کردئیے گئے تھے تاہم تحریک انصاف کی حکومت میں ٹینڈر کھول کر اپنے منظور نذر کیلئے انصاف اور میرٹ کی دھجیاں اڑا دیں گئیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات