تحریک آزادی جموں کشمیر کے تحت مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے عوامی مہم کا دائرہ وسیع کردیا گیا

بدھ 30 جنوری 2019 20:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2019ء) تحریک آزادی جموں کشمیر کے تحت مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے عوامی مہم کا دائرہ وسیع کردیا گیا۔ شہر کے مختلف مقامات پر کشمیر سیمینار اور پروگرامات کا سلسلہ بڑھا دیا گیا۔ سب سے بڑا پروگرام 3 فروری کو یونیورسٹی روڈ پر ہوگا، حسن اسکوائر سے سفاری پارک تک ’’یکجہتی کشمیر کارواں‘‘ میں مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے رہنما شرکت و خطاب کریں گے۔

جماعة الدعوة کراچی کے مسئول مفتی عبداللطیف کا کہنا ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکا۔ کشمیر کی آزادی کشمیریوں کا حق ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ اقوام متحدہ کی قراردادیں نظر انداز کرکے بھارت عالمی دہشت گردی کا مرتکب ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی عوام کشمیریوں کی خواہشات پر اثر انداز ہونے کی بھارتی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے مفادات کی خاطر خطے کے امن کو دائو پر لگا رہا ہے۔ کشمیر کی آزادی اور خطے میں استحکام کی خاطر اہل پاکستان کا متحد و بیدار ہونا ضروری ہے۔ مفتی عبداللطیف نے مزید کہا کہ کشمیر کی تحریک آزادی اس وقت عروج پر ہے۔ پاکستان کی مذہبی و سیاسی جماعتیں بھی مظلوم کشمیریوں کے حق میں بھرپور آواز بلند کریں۔ 3 فروری کو حسن اسکوائر سے سفاری پارک تک تحریک آزادی جموں کشمیر کا کارواں ان شاء اللہ تاریخی ہوگا۔ اہالیان کراچی کشمیر کارواں میں بھرپور شرکت کرکے دنیا کو پیغام دیں کہ ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔