Live Updates

آئی ایم ایف سے مذاکرات جلد طے پاجائیں گے. وفاقی وزیرخزانہ

آئی ایم ایف کی پوزیشن میں تبدیلی آئی ہے‘ معاہدے کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں‘ کوشش ہے کہ اس کو آخری معاہدہ بنائیں. اسد عمر کا پشاور چیمبر آف کامرس میں خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 11 فروری 2019 15:01

آئی ایم ایف سے مذاکرات جلد طے پاجائیں گے. وفاقی وزیرخزانہ
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔11 فروری۔2019ء) وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات جلد طے پاجائیں گے‘ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان مذکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے. پشاور چیمبر آف کامرس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ دبئی میں آئی ایم ایف کی سربراہ کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد اچھا معاہدہ ہونے کی امید ہے.انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے اپنی پوزیشن بدل لی ہے اور ہم ان سے معاہدے کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں‘ ہماری کوشش ہے کہ اس کو آخری معاہدہ بنائیں لیکن یہ آخری معاہدہ اسی وقت بنے گا جب ہم تجارت بڑھائیں اور آپ کا کاروبار بڑھے گا اور آپ ترقی کریں گے.

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے ملک میں سیاحت کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پہاڑوں پر انڈسٹری نہیں لگ سکتی لہٰذا یہاں کے مقامی لوگوں کو گھروں کے پاس نوکریاں اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم سیاحت کو فروغ دیں. اسد عمر نے کہا کہ ہم سب نے دنیا دیکھی ہےاور اتنے خوبصورت مقامات دنیا میں کہیں بھی نہیں ہیں خصوصاً خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان اللہ تعالیٰ کی خصوصی دین ہیں.

وزیر خزانہ نے کہا کہ ملائیشیا کی سیاحت سے سالانہ آمدن 22ارب ڈالر ہے، ترکی 44ارب ڈالر ہے اور اسی وجہ سے وزیر اعظم سیاحت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جس سے نہ صرف ملک میں دولت آئے گی اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے. اس موقع پر انہوں نے صوبائی دارالحکومت کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور افغانستان اور وسطی ایشیا کے لیے قدرتی تجارتی راہداری ہے جس سے اس کی اہمیت دگنی ہو جاتی ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مشرقی اور مغربی ممالک سے تعلقات بہتر کر کے تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے‘ بھارت میں تو انتخابات تک کسی بہتری کی امید نہیں لیکن مغربی ممالک جیسے ایران اور افغانستان کے ساتھ ہمیں اپنی بھرپور قوت کے ساتھ تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے. وزیر خزانہ نے بتایا کہ ہم ترکی کے ساتھ مل کر ایک اسٹریٹیجک اکنامک فریم ورک بنا رہے ہیں جس کا پہلا ڈرافٹ فروری میں تیار کر کے ہم ترکی کو دے دیں گے اور اس فریم ورک کے ذریعے ہمارا مقصد ہے کہ صرف ترکی ہی سے تجارت نہ کریں بلکہ آج سے 10 سے 20سال بعد ایران بھی اس کا حصہ ہو.

اسد عمر نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ یورپ اور وسط ایشیائی ممالک میں سرمایہ کاری کے لیے ترکی، پاکستان کے لیے ذریعہ بنے اور انڈین اور چین میں تجارت کے لیے پاکستان، ترکی کے لیے ذریعہ بنے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات