اندرونی تنازعات ختم کرکے اچھے اور پرامن بقائے باہمی کے ہمسائیگی تعلقات کو بڑھوادے کر خطے میں امن کی ضمانت ہو سکتی ہے ، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

صاف اور شفاف انتخابات اچھی جمہوریت کے فروغ میں کلیدی کردارادا کرتے ہیں،سابق وزیراعلیٰ بلوچستان

ہفتہ 16 مارچ 2019 23:22

اندرونی تنازعات ختم کرکے اچھے اور پرامن بقائے باہمی کے ہمسائیگی تعلقات ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2019ء) نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس ہفتہ کو مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی زیر صدارت کراچی میں منعقدہوا اجلاس میں پارٹی کو مزید فعال ،منظم اور متحرک کرنے کیلئے حکمت عملی بنائی گئی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ پارٹی کو نظریاتی اورشعوری طور پر منظم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کی ضمانت اسوقت ہوسکتی ہے کہ اندرونی تنازعات کو ختم کرکے اچھے اور پرامن بقائے باہمی کے ہمسائیگی کے تعلقات کو بڑھوادیا جائے ۔اجلاس سے مہمان خصوصی سینیٹر میرحاصل خان بزنجو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں موجود سیاسی ،معاشی بحران اورعدم استحکام کی اصل وجہ موجودہ حکمران ہیں جو غیر شفاف اور دھاندلی کی بنیاد پر مسند اقتدار تک پہنچے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات اچھی جمہوریت کے فروغ میں کلیدی کردارادا کرتے ہیںلیکن اسکے برعکس باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت الیکشن میں حقیقی سیاسی جماعتوں کے خلاف سازش اور منصوبہ بندی کی گئی جس کے نتیجے میں ایک مصنوعی قیادت ایوان اقتدار تک پہنچی ہے جن کی استعداد کی کمی قائدانہ صلاحیتیں نہ ہونے کی وجہ سے ملک شدید معاشی بحران کا شکار ہے مہنگائی نے سابق تمام ریکارڈ توڑ دیئے معیشت کو سہارا دینے کیلئے مصنوعی اقدامات کئے جارہے ہیں جو دیرپا ثابت نہیں ہونگے کرنسی کی قدر ختم ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عقل و دانش کا تقاضا یہی ہے کہ سابقہ غلط پالیسیوں کو ختم کرکے ملک اورعوام کے مفاد میں پالیسی بنائی جائے صاف اور شفاف الیکشن کیلئے ضروری ہے کہ الیکشن کے مرحلے میں ہرقسم کی مداخلت کی روش کو ختم کیا جائے تاکہ عوام کے ووٹوں سے حقیقی قیادت اقتدار میں آجائے تاکہ ملک کو موجودہ بحرانی کیفیت سے نکال دے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں حزب اقتدار اور حزب اختلاف گاڑی کے دو پہیے ہیں لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن کو دباؤ میں لانے کیلئے احتساب کے نام پر نشانہ بنایاجارہا ہے تاکہ ایک غیر سیاسی ماحول پیدا کیا جائے اور حقیقی جماعتوں کو سیاسی عمل سے دور رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سیٹ اپ تیزی سے ناکامی کی طرف گامزن ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حلاات کا تقاضا ہے کہ اپوزیشن متحد ہوکر جمہوریت کے فروغ ،پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے متحدہ محاز بنائے ۔انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم صوبائی خودمختاری جو صوبوں کا دیرینہ مطالبہ تھا کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے لیکن ایک مخصوص طبقہ اور ذہنیت کے حامل طبقہ سے 18ویں ترمیم ہضم نہیں ہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی حقیقی وفاقیت اور جمہوریت کے دفاع میں ہراول دستے کا کام کریگی اور18ویں ترمیم کے دفاع اور اس پر عملدرآمد پر کسی قسم کی مصلحت کا شکار نہیں ہوگی اجلاس سے سینیٹر طاہر بزنجو ،سینیٹر کہدہ اکرم بلوچ ،پنجاب کے صدر محمد ایوب ملک ،جنرل سیکرٹری طالب حسین نے بھی خطاب کیا