حریت رہنمائوںکی طرف سے شہید ایس حمید وانی کو زبردست خراج عقیدت

جمعہ 19 اپریل 2019 16:56

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) مقبوضہ کشمیر میںحریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر، امتیاز احمد ریشی،غلام نبی وسیم اورغلام نبی وار نے معروف شہید آزادی پسند رہنماء ایس حمید وانی کو ان کی اکیسویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوںنے اپنے بیانات میں کہاکہ ایس حمید وانی کو بھارتی فوجیوںنے 18 اپریل 1998ء کو صورہ میں حراست کے دوران شہید کردیاتھا ۔

انہوں نے شہید رہنماء کو جموںوکشمیر کا ایک عظیم سپوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کشمیر کیلئے وقف کر رکھی تھی۔انہوںنے کہاکہ کشمیری قوم شہید ایس حمید وانی اور اپنے جملہ شہداکی مقروض ہے جنہوںنے ان کے حق خودارادیت کی جدوجہد کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کیا ۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوںنے جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ دینے کے کشمیریوںکے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر آج دنیا بھرمیں مرکز نگاہ بن گیاہے اور اس دیرینہ تنازعے کے حل کی ضرورت شدت کے ساتھ محسوس کی جارہی ہے ۔انہو ںنے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ جموں کشمیرکے بارے میں اپنی قراردادوں پرعمل درآمد کرائے تاکہ کشمیری عوام کوان کا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت دیا جاسکے۔