Live Updates

ملک میں بجلی اور گیس 80,80 فیصد مہنگی ہونے والی ہے

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے خطرناک حالات کی پیشگوئی کر دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 25 اپریل 2019 16:34

ملک میں بجلی اور گیس 80,80 فیصد مہنگی ہونے والی ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 اپریل 2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ بجلی اور گیس 80,80 فیصد مہنگی ہونے والی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیب کاروائیوں کے باعث سرمایہ کار ملک سے بھاگ گئے۔قوم نیب اور حکومت سے تباہی کا حساب لے گی۔

آج ملکی معیشت کا بیڑہ غرق ہو چکا ہے۔معیشت کے حوالے سے مجھے خوف دکھائی دیتا ہے۔نیب اور معیشت کے گٹھ جوڑ نے ملکی معیشت تباہ کر دی۔یہ قوم عمران خان کے کھلنڈرے کا حساب کرے گی۔یہ کھلاڑی نہیں کھلنڈرے ہیں۔عمران خان اس وقت سے ڈریں جب قوم ان کا حساب کرے گی، نواز شریف ، شہباز شریف اور میرے خلاف کرپشن ثابت نہیں ہو پائے گی۔

(جاری ہے)

رمضان میں مہنگائی کا جن بے قابو ہونے والا ہے۔

غریب کے پاس ادویات خریدنے کے پیسے نہیں ہیں۔ 400 فیصد دوائیں مہنگی ہو گئیں، ڈالر بڑھ گیا۔بجلی مہنگی ہونے والی ہے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ بجلی اور گیس بھی 80 فیصد مہنگی ہونے والی ہے۔خیال رہے لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ،رمضان شوگز ملز اور صاف پانی کیس میں قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی و مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 8مئی تک توسیع کر دی ، عدالت نے دستاویزت کی فراہمی کے لیے نیب پراسیکیوٹر کو ہدایت لیکر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ کون کون سی دستاویزات نیب فراہم کر سکتی ہے۔

حمزہ شہباز کی آمد کے موقع پر ہائیکورٹ کے داخلی دروازے کے باہر موجود لیگی کارکنوں نے بھرپور نعرے بازی کی ۔ کارکنوں نے حمزہ شہباز کی گاڑی کوگھیر کے شیر، شیر کے نعروں سے پر تپاک استقبال کیا ۔ حمزہ کی آمد کے موقع پر کارکنوں، پولیس اور حمزہ شہباز کے ذاتی گارڈ کے مابین شدید دھکم پیل بھی ہوئی ۔حمزہ مسجد گیٹ سے داخل ہوتے ہی اپنی گاڑی سے اتر کر کمرہ عدالت کی جانب پیدل روانہ ہوئے۔

سماعت کے بعد حمزہ شہباز لاہور ہائیکورٹ سے واپس روانہ ہو ئے تو کارکنوں کی جانب سے ایک بار پھر شدید نعرے بازی کی گئی ۔یاد رہے کہ چند روز قبل نیب کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں حمزہ شہباز کی گرفتاری کے لیے دو مرتبہ ان کی رہائش گاہ پر چھاپے مارے تاہم گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔عدالت نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی 17اپریل تک عبوری ضمانتیں منظور کر کے نیب کو گرفتار ی سے روک دیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات