حریت رہنمائوںکا شہید ذاکر موسیٰ کو خراج عقیدت

جمعہ 24 مئی 2019 17:06

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیرمیںتحریک حریت جموںو کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی اور دیگر حریت رہنمائوںنے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے ممتاز مجاہد کمانڈر ذاکر موسیٰ اور ان کے ساتھی کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں شہید مجاہد کمانڈر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ذاکر موسیٰ نے اسلام کی سربلندی اوربھارتی تسلط سے آزادی کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ ذاکر موسیٰ اسلام کا ایک مخلص سپاہی تھا جس نے اپنا سب کچھ اس راہ میں قربان کردیا ۔ انہوںنے کہاکہ ذاکر انجینئرنگ کا ایک ہونہارطالب علم تھا ،وہ اپنی ڈگری کو دنیاوی ترقی کیلئے اچھی طرح سے استعمال کرسکتا تھا ،مگر اسلام کی سربلندی اور باھرتی تسلط سے آزادی کیلئے اس نے عزیمت کی راہ اختیار کی اور بالآخر اسی راہ حق میں جام شہادست نوش کیا ۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں مختار وازہ ، سید اعجاز رحمانی اورنثار احمد راتھر نے اپنے الگ الگ بیانات میں شہید نوجوان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوںنے شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار ، محمد اقبال میر ، امتیاز احمد ریشی، غلام نبی وسیم اور غلام نبی وار نے اپنے بیانات میں شہید ذاکر موسیٰ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیوںکی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مرکز نگاہ بن گیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ شہید ذاکر موسیٰ ایک بہادر،نڈر اوربیباک حریت پسند تھے جو بھارتی تسلط سے آزادی چاہتے تھے اور انہوںنے اسی مقصد کے حصول کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔