Live Updates

پی ٹی آئی نے سندھ میں مزید صوبہ بنانے کی مخالفت کردی

نئے بلدیاتی نظام کے بعد سندھ میں کسی تقسیم کی ضرورت نہیں رہےگی، بلدیاتی نظام سے نچلی سطح تک لوگوں کو بنیادی سہولیات میسر ہوں گی۔ وزیراعظم عمران خان کی پارٹی اور اتحادی جماعت کے رہنماؤں سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 24 مئی 2019 20:02

پی ٹی آئی نے سندھ میں مزید صوبہ بنانے کی مخالفت کردی
کراچی (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2019ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سندھ میں مزید صوبہ بنانے کی مخالف ہے، نئے بلدیاتی نظام کے بعد سندھ میں کسی تقسیم کی ضرورت نہیں رہے گی، بلدیاتی نظام سے نچلی سطح تک لوگوں کو سہولیات میسر ہوں گی۔ وہ آج یہاں کراچی میں پارٹی رہنماؤں اور اتحادی جماعت جی ڈی اے کے رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔

ملاقات  صوبے کی سیاسی صورتحال اور وفاق کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پی ٹی آئی رہنماء حلیم عادل شیخ، فیصل ووڈا، اشرف قریشی، فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان اور جی ڈی اے کے ارکان میں رہنماء ارباب غلام رحیم، صدر الدین شاہ راشدی، نصرت سحر عباسی، نند کمار دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

 اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے آج کراچی میں ایف پی سی سی آئی اور تاجر برادری کے وفد نے ملاقات کی ، ملاقات میں کاروباری سرگرمیوں بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، مشیرتجارت عبدالرزاق داؤداور وزیربحری امور بھی شریک تھے۔ وزیراعظم عمرا ن خان نے کہا کہ میرا مشن پاکستان سے غربت مٹانا ہے۔غربت مٹانے میں تاجر برادری میرا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکمرانوں نے معیشت کو تباہ کردیا، ہمیں خستہ حال معیشت ملی، چوروں کو نہیں چھوڑ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اس وقت توجہ صرف معاشی استحکام پر مرکوز ہے۔

ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک میں ماہرین تعینات کیے ہیں، تاجربرادری سے التماس ہے کہ وہ ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھائے۔عمران خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ میری حکومت سب سے زیادہ کاروبار اور سرمایہ کاری دوست حکومت کے طور پر جانی جائے۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان آج جمعہ کو ایک روزہ دورے پرکراچی پہنچے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی، مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی نعیم الحق بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم سندھ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے اجراء کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ سندھ سے اتحادی جماعتوں کے وفد کی ملاقات بھی مصروفیات کا حصہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کی عطیات مہم کیلئے منعقدہ افطار عشائیہ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات