نریندر مودی کشمیری نظر بندوں کی جذبہ خیر سگالی کے طو پر رہائی کا اعلان کریں، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی

ہفتہ 25 مئی 2019 17:32

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے بھارت میں قائم ہونے والی نئی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ غیر قانونی طو ر پر نظر بند تمام کشمیریوں کو خیر سگالی کے جذبے کے طور پر رہا کرنے کا اعلان کرے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی نے عام انتخابات میں پہلے سے زیادہ اکثریت حاصل کر لی ہے لہذا نریندر مودی کو چاہیے کہ وہ بڑے پن اور جذبہ خیر سگالی کا مظاہر کرتے ہوئے بطور وزیر اعظم اپنی نئی حلف برداری کے موقع پر کشمیری نظر بندوں کی رہائی کا اعلان کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگرنریندر مودی نے تنازع کشمیر کے حل کیلئے اقدامات کئے تو وہ عالمی رہنما کے طور پر ابھر سکتے ہیں اور امن کے نوبیل انعام کے حق دار بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ تنازعہ کشمیر دو نیوکلیائی ہمسایہ ملکوں بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے اور اس تنازعہ نے جنوبی ایشا کے ان اہم ملکوں کو الجھا کر رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری صرف اور صرف اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں اور انہیں یہ حق فراہم کر کے ہی خطے میں دائمی امن و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔