Live Updates

حمزہ شہباز اور آصف زرداری کے بعد وفاقی وزرا کی گرفتاری کی تیاریاں

گرفتاریوں کے سیزن میں اپوزیشن اور حکومتی وزرا میں سے بہت سوں کی باری آنا باقی ہے

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 16 جون 2019 07:06

حمزہ شہباز اور آصف زرداری کے بعد وفاقی وزرا کی گرفتاری کی تیاریاں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون2019ء)   گزشتہ دنوں وفاقی وزیر سبطین خان کی گرفتاری نے یہ ثابت کر دیا کہ پی ٹی آئی حکومت ”بیلنس پالیسی“ پر عمل پیرا ہے۔کیونکہ اپوزیشن کے افراد گرفتار کرنے پر حکومت پر سب سے زیادہ تنقید یہی کی جا رہی تھی کہ پی ٹی آئی حکومت یکطرفہ احتساب پر اتری ہوئی ہے۔لہٰذا اب حکومتی وزرا کے گرد بھی شکنجہ کسنے کا وقت آن پہنچا تھا۔

تحریک انصاف کے بہت سے رہنما یہ کریڈٹ لے رہے ہیں کہ عمران خان نے الیکشن سے قبل عوام سے یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ قومی خزانہ لوٹنے والے زرداری اور شریف خاندان کو گرفتار کر کے لوٹا ہوا مال واپس لائیں گے اور اب نواز شریف، زرداری اور حمزہ شہباز کی گرفتاری نے کپتان کے وعدے کو بہت حد تک مکمل کر دیا ہے۔ دوسری جانب سیاسی حلقے ان گرفتاریوں کی ٹائمنگ کو بہت اہم قرار دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بجٹ پیش کرنے سے چند گھنٹے قبل آصف زرداری اور حمزہ شہباز کی گرفتاری نے بجٹ کے منفی اثرات کو ”کیمو فلاج“ کرنے میں عارضی طور پر حکومت کو سہارا ضرور دیا ہے ۔تاہم سیاسی حلقے یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ آصف زرداری اور حمزہ شہباز کی گرفتاری کو”بیلنس“کرنے کیلئے نیب حکام تحریک انصاف کے بعض اہم وفاقی وزراءکو گرفتار کر سکتے ہیں،اس حوالے سے چیئرمین نیب کے متنازعہ انٹرویو کی بنیاد پر وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کی گرفتاری کا امکان زیادہ مضبوط معلوم ہوتا ہے۔

جس کے حوالے سے مثال یہ دی جاتی ہے کہ نواز شریف کی گرفتاری کو ”بیلنس“ کرنے کیلئے جہانگیر ترین جیسے قومی سیاستدان کو ”تکنیکی“ بنیاد پر نااہلی کی بھینٹ چڑھا دیا گیا، میاں شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا تو اسے بیلنس کرنے کیلئے پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو گرفتار کیا گیا۔تاہم اب سبطین خان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے دیکھتے ہیں اب آگے اپوزیشن اور حکومتی وزرا میں سے جیل یاترا کی باری کس کس کی آٹی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات