Live Updates

ْپاکستان بیت المال کا ملاکنڈ کی یونیورسٹیوں میں مستحق طلبہ کے لئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

بدھ 19 جون 2019 16:47

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) پاکستان بیت المال نے یونیورسٹی آف ملاکنڈ،یونیورسٹی آف بونیر اوریونیورسٹی آف سوات کے ساتھ بالترتیب 50,50 نادار اور مستحق طلبہ کی گریجویشن و ماسٹر کے لئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر دیئے۔ اس ضمن میںیونیورسٹی آف ملاکنڈ، یونیورسٹی آف بونیر اور یونیورسٹی آف سوات میں تقاریب منعقد ہوئیں۔

اس موقع پر پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹرعون عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آئندہ الیکشن کے لئے نہیں بلکہ آئندہ نسل کی خوشحالی، فلاح وبہبود اور ملکی ترقی کے لئے سوچ رہے ہیں اور اسی وژن پر وہ اپنی توانائی صرف کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ 9ماہ کے قلیل عرصے میںپاکستان بیت المال نے 4ہزار طلباء وطالبات کوسکالر شپ فراہم کئے ہیں اور اس ضمن میں ملک کی82یونیورسٹیوںکو مستحق اورنادار طلبہ کے لئے سکالر شپ کے خطوط ارسال کئے گئے ہیں جوکسی حکومتی ادارے کا ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا اقدام ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان بیت المال 150سکول،40سویٹ ہومز اور150وویمن امپاوورمنٹ سنٹرچلارہا ہے جس سے مستحق اورغرباء مستفید ہو رہے ہیں جبکہ50ہزار معذور افراد کو ان کے استعمال کی مختلف اشیاء بھی پاکستان بیت المال کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہیں، موجودہ وفاقی حکومت نے پاکستان بیت المال میںبہترین اصلاحات کی ہیں جو حقیقی معنوںمیں مستحق، نادار اورغرباء کی خدمت کر رہا ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال نے کہا کہ عمران خان نے کبھی دماغ سے سیاست نہیںکی بلکہ دل سے ایک وژن کی تکمیل کے لئے دن رات کی ہے، عمران خان کی تبدیلی کا نعرہ وزیراعظم ہائوس میں بیٹھنے اور زرداری یا نوازشریف کو احتساب کے کٹہرے میں لانے کے لئے نہیںتھا بلکہ قوم میںایک نئی سوچ پیداکرنے کے لئے یہ نعرہ لگایاگیاتھا۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان ہی قائدملت محمد علی جناحؒ اورعلامہ اقبالؒ کے خواب کو عملی جامہ پہنائیںگے جس کے لئے وہ دن رات محنت کررہے ہیں، عمران خان نے محض اقتدار کے حصول، پیسے یا طاقت کے لئے نہیںبلکہ عوام کی فلاح وبہبود،خوشحالی اورملک کی ترقی کے لئے جدوجہدکی، اس قوم کودنیا کی بہترین قوم بنانے کے لئے عمران خان نے اپنی زندگی وقف کردی ہے۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان کاوژن ہے کہ جب تک وطن عزیزکا بچہ بچہ زیور تعلیم سے آراستہ نہیںہوگا ملک میںتبدیلی ممکن نہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات