بھارت سید علی گیلانی کا حوصلہ توڑنے کیلئے انہیں ہدف بنا رہا ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس

بھارتی ’’انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘‘غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنما?ں سے پوچھ گچھ کرے گا

جمعرات 4 جولائی 2019 19:03

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت تحریک آزادی کے ہردلعزیز رہنما سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی کو کمزور کرنے کیلئے انکے اہل خانہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ سید علی گیلانی کو انکے سیاسی کارکنوں اور مشیروں سے دورکرنے کے باوجود انہیں جھکانے میں ناکامی کے بعد اب بھارت انکے اہلخانہ کو ہراساںکرنے کیلئے اپنی تحقیقاتی ایجنسیوںکو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سید علی گیلانی کے دو بیٹوں کو پوچھ گچھ کیلئے مسلسل نئی دلی طلب کیا جارہا ہے اور اب انکے نواسے کو بھی ایک بار پھر دلی میں ’ این آئی اے‘‘کے ہیڈکوارٹر پر طلب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کے اوچھے اور غیر قانونی ہتھکنڈوں سے جموں وکشمیر پر بھارت کے جبری قبضے کو جائز قرار نہیں دیا جاسکتا۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں فورم کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی قابض انتظامیہ سے جاری امرناتھ یاترا کے دوران سرینگر جموںہائی وے پر گاڑیوںکی آمدورفت اور ٹرین سروس پر عائد پابندیاں ہٹانے پر زوردیا ہے۔

انہوںنے ان پابندیوں کو عوام دشمن اقدام قراردیا۔جموںو کشمیرڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںنئی دلی کی تہاڑ جیل میں پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ سرینگر ، کولگام، ترال اور پلوامہ کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوں کے رشتہ داروں کے ایک وفد نے سرینگر میں ملاقات کے دوران حریت رہنماء جاوید احمد میر کو بتایا ہے کہ نظربندوں کوجیلوں شدید گرم موسم میں رکھا گیا ہے اور انہیں بنیادی سہولتیں بھی فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔

جموںو کشمیر پیرپنچال پیس فائونڈیشن کے چیئرمین محمد حنیف کالس نے جموں سے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار جموں کے مسلمانوں کو بلا جواز ہراساں کر رہے ہیں۔ادھر نئی دلی کی ایک عدالت نے بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو غیر قانونی طورپر نظربند چھ حریت رہنمائوں اور ایک معروف کشمیری تاجر کو انکے خلاف درج جھوٹے مقدمے میں تفتیش کی اجازت دیدی ہے۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ تہاڑ جیل میں نظربند حریت رہنمائوں پیر سیف اللہ ، راجہ معراج الدین کلوال ، ایاز محمد اکبر ، شاہد اسلام ، فاروق احمدڈار ، نعیم احمدخان اور کشمیری تاجر ظہور وٹالی سے تفتیش کریگا۔ کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضاسید نے برسلز سے جاری ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں صدارتی راج میں توسیع کے ذریعے کشمیریوںکواپنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے ہرگز روکانہیں جاسکتا۔تحریک وحدت اسلامی نے ایک بیان میںمعروف سکالر اورتحریک آزادی کشمیر کے پرجوش حامی منشی غلام حسن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔