Live Updates

ہم ایسا اسلامی پاکستان چاہتے ہیں جس میں غربت ،مہنگائی بے روز گاری اور بدامنی نہ ہواللہ کا نظام ان تمام مسائل کا حل ہے ، مولانا عبدالحق ہاشمی

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:28

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2019ء) جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ ہم ایسا اسلامی پاکستان چاہتے ہیں جس میں غربت ،مہنگائی بے روز گاری اور بدامنی نہ ہواللہ کا نظام ان تمام مسائل کا حل ہے اللہ تعالی ٰ نے پاکستان کو بے پناہ قدرتی وسائل سے نواز ا ہے، پاکستان 65 فیصد نواجوانوں کا ملک ہے ،زرخیز زمین اور میٹھا پانی اللہ کی خاص نعمت ہے لیکن اس نعمت سے فائدہ نہیں اٹھایا جارہا ،62فیصد زمین ابھی تک ناقابل کاشت ہے ۔

حکومت کسانوں کو پانی، تیل ،کھاد ، زرعی ادویات،زرعی مشینری اور بجلی کے بلوں میں سبسڈی دے تو لاکھوں ایکڑ بنجر زمین کو قابل کاشت بنا کر ملکی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے مہنگائی اور بلخصوص ادویات واشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بدترین اضافہ کی وجہ سے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت کو لٹیروں ،قرض لینے والوں اور بیرون ملک جائیدادبنانے والے کرپٹ مافیا سے قومی دولت برآمدکرکے عوام کی حالت بدلنے کی کوشش کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفت روزہ دورہ عراق سے واپسی سے صوبائی دفتر میں ذمہ داران سے گفتگوکرتے ہوئیے کہی انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سیاسی ، پارلیمانی ، اقتصادی اور ریاستی نظام کا بحران گھمبیر ہوتا جارہا ہے معاشی حالات ابتر ہے ، مہنگائی اور بے روزگاری سے غریب طبقہ پہلے ہی پسا ہوا تھا مگر اب ملازمت پیشہ افراد ، مڈل کلاس کے لوگ ، سفید پوش طبقے کی بھی کچومر نکل گیا ہے مگر ان حالات سے نکلنے کے لئے کسی قسم کی سنجیدہ کوشش نہیں ہورہی ہے ۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان اور ان کے بے لگام وزراء روزانہ کی بنیاد پر ان بحرانوں کی آگ پر تیل چھڑک رہے ہیں ، آئی ایم ایف کے بدترین شرائط کے ساتھ ریلیف لیا گیا جس کے بعد ایک طول مدت تک اقتصادی بحران سے نکلنا ممکن نہیں ہے ۔ ڈالر کی قیمت بڑھتی جارہی ہے۔ بلوچستان کے مسائل جوں کے توں ہے ، توقع تھی کہ وفاق ، بلوچستان ، اسٹیبلشمنٹ اور تمام ادارے کم از کم اس صوبے میں ایک پیج پر ہے مگر یہاں بھی حالات مختلف نہیں ہے بجلی ، پانی اور دیگر مسائل کا کوئی علاج نہیں ہے عوام وسرکاری ملازمین احتجاج وہڑتال پر ہیں مگر کوئی سننے والا نہیں کوئٹہ سے منتخب ہونے والے یہاں کے شہریوں پر رحم کرتے ہوئے انتخابات میں کیے گیے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے پینے کے پانی کی فراہمی ، ٹریفک وصفائی کے مسائل اور لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائیں سی پیک کے حوالے سے بلوچستان کے عوام اعتماد میں لیکر صوبے کو اس کے ثمرات نیک نیتی واخلاص سے پہنچانے کیلئے کام کریں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات