جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد سمیت بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ چار روز کے دوران مزید بارشیں ہوں گی، محکمہ موسمیات

منگل 23 جولائی 2019 18:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ چار روز کے دوران تیز ہوائوں/آندھی کے ساتھ مون سون کی مزید بارشیں ہوں گی، اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے، تیز بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، ممکنہ ناگہانی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) بدھ کو (شام /رات) سے ہفتہ کے دوران راولپنڈی، سرگودہا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور، مردان ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ژوب، قلات، سبی، نصیرآباد، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

جمعرات سے جمعہ کے دوران ہزارہ، راولپنڈی،گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں جبکہ جمعہ سے ہفتہ کے دوران ژوب، قلات اور ڈی جی خان ڈویژن میں موسلادھار بارش کے باعث مقامی دریائوں/برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، تیز بارشوں کے باعث ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ اس دوران لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور پشاور ڈویژن کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی خدشہ ہے۔

تمام متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ (آج) بدھ کو ہزارہ، پشاور، مردان، گوجرانوالہ، لاہور، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، کوہاٹ، ژوب، قلات، میرپورخاص، سرگودہا، بہاولپور اور فیصل آباد ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم حیدر آباد، ٹھٹھہ، میرپور خاص، سکھر، کراچی، شہید بینظیر آباد ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ راولپنڈی، لاہور، کوہاٹ، مالاکنڈ، ہزارہ، کوئٹہ، قلات، مکران ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر تیز ہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش کاکول 31، پاراچنار 12، مالم جبہ 03، بدین 22، ٹنڈو جام 21، ڈاہلی 20، شہید بینظیر آباد 14، سکرنڈ 09، جیکب آباد 08، ڈپلو 07، کراچی (صدر، مسرور بیس 02، ایئر پورٹ، فیصل بیس 01)، ٹھٹھہ 02، مٹھی، میرپور خاص 01، مظفرآباد (ایئرپورٹ، سٹی 13)، گڑھی دوپٹہ 09، قلات 08، خضدار 06، لسبیلہ 04، کوئٹہ (سمنگلی 03)، لاہور،ساہیوال04، مری 03، اسلام آباد (سیدپور، زیرو پوائنٹ 01) اور اٹک میں ایک ملی میٹر بارش ریکاڑ کی گئی۔

منگل کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سبی، دادو 45، موہنجوداڑو، سکھر اور چلاس میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔