عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور پابندیوں کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، چوہدری طارق فاروق

ہفتہ 24 اگست 2019 00:07

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) آزادکشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور پابندیوں کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔5اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔حریت قیادت نظر بند ہے ۔کشمیریو ں کو گھروں سے باہر آنے کی اجازت نہیں ۔

نوجوانوں کو اغواء اور عورتوں کی بے حرمتی کی جارہی ہے ۔بھارت نے کشمیریوں پر اتنے مظالم ڈھائے ہیں کہ انسانیت شرما گئی ہے ۔ اس وقت مقبوضہ مقبوضہ کشمیر میںلائف سیونگ ڈرگزاور دیگر ادویات کی قلت ہے۔ اگر ان کے حقوق کیلئے عالمی تنظیموں نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو اگلے چند دنوں میں ہزاروں مریض اپنی جان کی بازی ہار جائیں گے جبکہ ہزاروں بچوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔

(جاری ہے)

عالمی ادارہ خوراک اور دیگر عالمی تنظیموں کو اس مسئلہ کے حل کیلئے اپنا جاندار کردار ادا کرنا ہوگا۔ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں ۔ قابض افواج شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینئر وزیر نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کیلئے خوراک اور ادویات بھیجنا چاہتے ہیں ،عالمی برادری کو ہماری مدد کرنا ہو گی تا کہ ہمیں اپنے بھائیوں تک رسائی مل سکے اور ہم ان کی زندگیاں بچا سکیں۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کی نظربندیوں پر شدید تشویش ہے ۔ اس وقت بھارت نواز سابق کٹھ پتلی وزراء اعلیٰ کو بھی نظر بند کر دیا گیا ہے کیونکہ وہ بھارتی اقدامات کی مخالفت کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے گزشتہ19ایام کے دوران مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ ، موبائل فون اور لینڈ فون بند کر رکھے ہیں جس سے بھارت کے جارہانہ اقدامات کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔ ایسے حالات میں عالمی طاقتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں آگے آئیں اور دہلی حکومت کو ایسے اقدامات سے باز رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی حکومت کا ہندو انتہاء پسندانہ نظریہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کا خواہا ں ہے جو کہ انتہائی تشویشناک عمل ہے ۔