بر طانیہ میں بھی مقبوضہ کشمیر میں چار ہفتوں سے جاری کر فیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر احتجاجی مظاہرہ

مظاہرین نے بھارتی کونسلیٹ کے سامنے دھرنا دیا اور بھارت مخالف جبکہ کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے

اتوار 1 ستمبر 2019 19:00

بر منگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2019ء) بر طانیہ میں بھی مقبوضہ کشمیر میں چار ہفتوں سے جاری کر فیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر احتجاجی مظاہرہ۔برمنگھم میں تحریک کشمیر بر طانیہ اور دیگر سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام بھارت مخالف ریلی نکالی گی۔ ریلی میں پاکستانیوں اور کشمیر یو ں کے علاوہ بر منگھم میں مقیم دیگر ممالک کے لوگوں نے بھی شرکت کی۔

مظاہرین نے بھارتی کونسلیٹ کے سامنے دھرنا دیا اور بھارت مخالف جبکہ کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ مظاہرے میں پاکستانی اور کشمیریوں کے علاوہ غیر ملکیوں نے بھی شرکت کی۔مظاہرے میں بر طانوی پارلیمنٹ کے ارکان لائم بائرنی، شبانہ محمود، ٹام واٹسن اور جیک ڈرومی نے بھی شرکت کی۔مظاہرے میں یورپین پارلیمنٹ کے رکن فل بینین اور صدر تحریک کشمیر برطانیہ فہیم کیانی نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نائب سربراہ لیبر پارٹی و رکن بر طانوی پارلیمنٹ ٹام واٹسن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم روکنے کے لئے برطانوی وزیر خارجہ مداخلت کرئے اور بھارت پر دباو ڈالے کہ وہ کشمیریوں کا قتل عام بند کرئے۔ رکن یورپین پارلیمنٹ فل بینین نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کرئے اور سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے۔ صدر تحریک کشمیر بر طانیہ فہیم کیانی نے کہا کہ وہ ارکان برطانوی و یورپین پارلیمنٹ کی طرف سے کشمیریوں کی حمایت پر ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بھارت مخالف مظاہروں کو پورپ کے دیگر ممالک تک پھیلایں گے۔