جس طرح ہٹلر اور مسولینی نے تباہی و بربادی کا راستہ چنا تھا اسی راستے پر مودی چل رہا ہے، راشد نسیم

اتوار 22 ستمبر 2019 22:35

Wلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 ستمبر2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے جھنگ میں ارکان و کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ جس طرح ہٹلر اور مسولینی نے تباہی و بربادی کا راستہ چنا تھا ، اسی راستے پر مودی چل رہا ہے ۔جلد بھارت بھی ٹکڑوں میں تقسیم ہوگا ۔ 72 سال سے کشمیری بھارت کے ظلم و جبر کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں اور بھارت تمام تر ریاستی دہشتگردی کے باجود ا ن کے حوصلہ کو شکست نہیں دے سکا ۔

جس طرح افغانستان سے امریکہ نے عبرتناک شکست کھائی ہے اسی طرح بھارت کو کشمیر میں شکست کا سامنا ہوگا ، وہ وقت دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا ۔راشد نسیم نے کہاکہ کشمیر کے مسلمانوں کی مدد عالم اسلام پر فرض ہو چکی ہے ۔ جب دشمن کسی مسلمان ملک یا بستی کا محاصرہ کر لے ، نوجوانوں کو قتل اور بچیوں کو اٹھا کر غائب کیا جارہا ہوتو ہر مسلمان کے لیے اللہ کا حکم ہے کہ وہ ان کی مدد کو پہنچے ۔

(جاری ہے)

راشد نسیم نے کہاکہ اس وقت پوری مسلم دنیا اور 57 کے قریب اسلامی ممالک پر کشمیر ، فلسطین اور روہنگیا کے مسلمانوں کی مدد کرنافرض ہوچکاہے اور اگر کوئی مظلوم و محصور اور مجبور مسلمانوں کی عملی مدد نہیں کرتا اور انہیں دشمن کے نرغے سے نکالنے کے لیے کوشش نہیں کرتا تو قرآن و حدیث کے واضح احکامات کی خلاف ورزی کرتاہے جس کے بارے میں اس کو جوابدہ ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر میں 49 دنوں سے 80 لاکھ مسلمانوں کو مساجد میں نماز پڑھنے کی اجازت نہیں دی جارہی ۔ سات ہفتے گزر گئے لوگوں کو جمعہ کی نمازیں پڑھنے کے لیے بھی مسجدوں میں نہیں آنے دیا گیا ۔ تعلیمی ادارے ، ہسپتال اور کاروباری ادارے بند ہیں اور لوگوں کو عملاً قید کر لیا گیاہے ۔ ان حالات میں ضروری ہوگیاہے کہ عالم اسلام کے حکمران مل کر ایک مشترکہ لائحہ عمل بنائیں اور اللہ کے احکامات کے مطابق ہر وہ طریقہ اختیار کیا جائے جس سے انہیں دشمن سے آزاد کرایا جاسکے ۔