مقبوضہ کشمیر ،کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی بھارتی محاصرے اور ذرائع مواصلات کی مسلسل معطلی کی مذمت

بھارتی فورسز نہتے اور محکوم کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ ٹوڑ رہی ہیں،اقوام متحدہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے

ہفتہ 5 اکتوبر 2019 18:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2019ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جمووکشمیر شاخ نے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل بھارتی محاصرے اور ذرائع مواصلات کی معطلی کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کا اجلاس کنوینر سید عبداللہ گیلانی کی صدارات میں اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی محاصرے کو دو ماہ سے زائد عرصہ بیت چکا اور قابض بھارتی فورسز اس وقت نہتے اور محکوم کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ ٹوڑ رہی ہیں ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز کے اہلکار گھروں میں گھس کر جنس و عمر کا لحاظ کیے بغیر مکینوں کی مارپیٹ اور نوجوانوںکو گرفتار کرتے ہیں جبکہ قیمتی گھریلو اشیاء اور دیگر املاک کی توڑ پھوڑ کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مزید کہا گیا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم اور اسے دو حصوں میں تقسیم کرنے کا اقدام اقوام متحدہ کی قراردوں کے صریحاً منافی ہے ۔ اس موقع پر حریت رہنمائوں ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، شمیم شال اور اشتیاق حمید نے جنیوا اور نیویارک میں کشمیرکے حوالے سے پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان اقوام متحدہ سے اپیل کرے کہ وہ اپنی سلامتی کونسل کا کشمیر کے حوالے سے ایک اوراجلاس بلائے اور یہ عالمی ادارہ جموںوکشمیر کے حوالے سے اپنی پاس کر دہ قراردادوں کو عملانے کیلئے موثر کردار ادا کرے تاکہ کشمیریوںکو بھارتی جبر واستبداد سے نجات مل سکے۔

اجلاس کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ اجلاس میں محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، عبدالمجید میر، عبدالمجید ملک، شیخ محمد یعقوب، محمد حسین خطیب، نثارمرزا، راجہ خادم حسین، شیخ عبدالمتین، نذیر احمد کرنائی، محمد سلطان بٹ، عدیل مشتاق وانی، جاوید اقال اور امتیاز وانی شریک تھے۔