Live Updates

عوام افواہوں پرکان نہ دھریں ، کچھ نہیں ہونے والا‘ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے ، سی پیک 2پر جلد کام کاآغاز ہوگا ، عمران خان نوجوانوں کی بدولت وزیر اعظم بنے

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ملتان میں تقریب سے خطاب

جمعہ 11 اکتوبر 2019 23:45

عوام افواہوں پرکان نہ دھریں ، کچھ نہیں ہونے والا‘ پاکستان محفوظ ہاتھوں ..
ملتان ۔11 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے‘ ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت مسئلہ کشمیر 54برسوں بعد سلامتی کونسل میں زیر بحث آیا‘ آج دنیا کے کونے کونے میں نعرہ لگ رہا ہے کشمیر بنے گا پاکستان‘سلامتی کونسل کے اجلاس سے باہر 25سے 30ہزار افراد آپ کے وزیراعظم کے استقبال کے لیے کھڑے تھے‘ قطر سعودی عرب اور یو اے ای پاکستان کی مدد نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا‘ سی پیک 2پر جلد کام کا آغاز ہو رہا ہے‘ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں‘کچھ نہیں ہونے والا‘ نوجوانوں کی بدولت عمران خان وزیراعظم بنے‘ تحریک انصاف میں نوجوانو ںکا کردار مثالی ہے‘ نوجوان پیپلز پارٹی اور ن لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں آئے اور انہی نوجوانو ںکی بدولت ملک میں تبدیلی آئیگی‘ سندھ کے نوجوان بھی تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی میرج ہال میں تحریک انصاف کے کارکن شیخ مظہر عباس اور ان کے ساتھیوں کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری ‘ رانا عبدالجبار ‘ منور قریشی ‘ شیخ طاہر حمید ‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی ‘ قربان فاطمہ ‘ خالد جاوید وڑائچ ‘ بابر شاہ ‘ حامد جنجوعہ ‘ رائوامجد علی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لوگ کہتے تھے مان لیتے ہیں مرکز میں تحریک انصاف اقتدار میں آئیگی۔ لیکن پنجاب میں ن لیگ کی حکومت ہوگی۔ لیکن نوجوانوں کی بدولت پنجاب میں تبدیلی کی لہر چلی اور ن لیگ کے اقتدار کا خاتمہ ہوا۔ پنجاب میں ایک طویل عرصہ بعد خوش گوار تبدیلی آئی۔ اگلی بار سندھ میں بھی تبدیلی کا پہیہ چلے گا اور پی ٹی آئی اقتدار میں آئیگی۔

انہوں نے کہا ملکی معیشت بحرانو ںکی صورت میں ملی‘ خزانہ خالی تھا ان حالات میں ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑے۔ ڈالر مہنگا ہوا تو مہنگائی بھی بڑھی تاہم ملکی معیشت اب استحکام کی طرف آ رہی ہے۔ چین کے بہت بڑے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں۔ سرمایہ کاروں کے لیے ماحول بنا رہے ہیں۔ تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار پاکستان میں آئیں۔

غیرملکی سرمایہ کاری بڑھے گی تو ملکی معیشت میں اضافہ ہوگا۔ نوجوانو ںکو روزگار ملے گااور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ ملکی تاریخ میں ایک طویل عرصے بعد عوامی امنگو ںکے مطابق خارجہ پالیسی تشکیل دے رہے ہیں جس میں تمام ملکوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات قائم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا عوامی رائے کا احترام کرتا ہوں تاہم انہوں نے کہا اگر مجھے صوبائی نشست پر منتخب کیا جاتا تو آج ملتان کا نقشہ کچھ اور ہوتا۔

ملتان کے ترقیاتی کاموں میں تیزی آتی۔ انہوں نے کہا جہانگیر ترین سے کوئی اختلاف نہیں ہے ان کا دل سے احترام کرتا ہوں۔ ان کے ساتھ جو بھی معاملات تھے وہ دفن کرکے حج پر گیا۔ عمران خان کو آج بھی مخلص اور متحد دوستوںکی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا 16اکتوبر کو سورج کنڈ روڈ اور سوئی گیس روڈ کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرونگا۔ انہوں نے کہا این اے 156 میرا گھر ہے یہاں کی عوام نے مجھے عزت دی ان کا منتخب نمائندہ پوری دنیا میں پاکستان کی وکالت کررہا ہے۔

انہوں نے کہا این اے 156کے لیے ایک ارب روپے کے خطیر بجٹ سے ترقیاتی کاموں کا آغاز کردیا ہے۔ میرا ماضی گواہ ہے جب بھی اقتدار ملا وسائل اور توانیاں حلقے اور عوام کی ترقی پر خرچ کئے۔ انہوں نے کہا الیکشن کے دوران عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے شیخ مظہر عباس اور ان کے ساتھیوں کو تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہااور کہا ان نوجوانو ںکی تحریک انصاف میں شمولیت سے پارٹی کو تقویت ملے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات