سابق وزیراعلیٰ پنجاب غلام حیدر وائیں کی 26ویں برسی کے سلسلے میں ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں تقریب کا انعقاد

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 19:42

لاہور۔12 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2019ء) غلام حیدر وائیں شہید ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے، ان کو پاکستان ،قائداعظمؒ اور مسلم لیگ سے عشق تھا۔ انہوں نے ہمیشہ پاکستانی عوام کے حقوق نیز جمہوریت اور جمہوری اقدارکی سربلندی کی خاطر آواز بلند کی۔ غلام حیدر وائیں نے بڑی سادہ اور پروقار زندگی بسر کی۔ مسلم لیگ ان کا اوڑھنا بچھونا تھی اور وہ پاکستان کی خالق جماعت کی تنظیم و ترقی کیلئے اپنی زندگی وقف کئے ہوئے تھے۔

غلام حیدر وائیں شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے نقش قدم پر چل کر وطن عزیز کو ایک جدید اسلامی‘جمہوری اور فلاحی مملکت بنانے کیلئے جدوجہد کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں ممتاز مسلم لیگی رہنما اور پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ غلام حیدر وائیں شہید کی 26ویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی نشست کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

نشست کا اہتمام نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر مرحوم کی بیوہ اور سرپرسرست نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ بیگم مجیدہ وائیں، تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن و نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، سابق چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت و چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد، وائس چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، میاں فاروق الطاف، مسلم لیگی رہنما وسابق سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن محمد اسلم زار ایڈووکیٹ، ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں، رانا محمد ارشد اور میاں چنوں سے آئے ان کے عقیدتمندوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن حکیم‘ نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانے سے ہوا۔پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ غلام حیدر وائیں کو قائداعظمؒ سے بڑی محبت تھی ۔ وہ بابائے قوم کے سچے پیروکار اور ہروقت تحریک آزادی کے جذبوںسے سرشار رہتے تھے۔ وہ پاکستان کے اسلامی نظریاتی تشخص کے بہت بڑے علمبردار تھے۔ آپ نے تحریک پاکستان کے کارکنوں کی کی پذیرائی اور ان کے اعتراف خدمت نیز پاکستان کے اساسی نظریے کی ترویج و اشاعت کی خاطر گرانقدر خدمات انجام دیں اور اس مقصد کیلئے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ اور نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ جیسے قومی اداروں کی داغ بیل ڈالی۔

آپ نے استحکام پاکستان کیلئے انتھک محنت کی جس کی بناء پر آج بھی محب وطن حلقوں میں آپ کا نام بڑی عزت و احترام سے لیا جاتا ہے۔چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد نے کہا کہ غلام حیدر وائیں پاکستان کے سچے عاشق اور عوامی آدمی تھے ۔ وہ اپنے دل کی بات ببانگ دہل کہتے تھے۔ غلام حیدر وائیں نے عام گھرانہ میں آنکھ کھولی اور اپنی محنت کے بل بوتے پر اعلیٰ مقام حاصل کیا۔

انہوں نے مسلم لیگ کو آرگنائز کیا ۔ انہوں نے سادہ زندگی بسر کی ،ان کا کہنا تھا کہ سادگی سے بہتر کوئی چیز نہیں ہے۔جسٹس (ر) خلیل الرحمن خان نے کہا کہ غلام حیدر وائیں سًچے اور سُچے پاکستانی تھے۔ انہوں نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ ہونے کے باوجود اپنا مکان تک نہیں بنایا اور سادہ زندگی بسر کی۔غلام حیدر وائیں ایک سیلف میڈ انسان تھے اور انہوں نے انتہائی سادہ زندگی بسر کی ۔

میاں فاروق الطاف نے کہا غلام حیدر وائیں سچے پاکستانی اور پکے مسلم لیگی تھے۔ وہ ایک نظریاتی مسلم لیگی کارکن اور رہنما تھے جنہوں نے اپنی ساری زندگی پاکستان کی خالق جماعت مسلم لیگ کا پرچم سربلند کرنے اور عوامی خدمت کے کام سرانجام دینے میں صرف کر دی۔ ان کا جینا مرنا مسلم لیگ کیلئے تھا جسے گراس روٹ لیول پر منظم کرنے کے ضمن میں انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

ایک وژنری انسان تھے جنہوں نے جہد مسلسل سے اپنا الگ مقام بنایا۔ ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں نے کہا کہ غلام حیدر وائیں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ۔ انہوں نے میاں چنوں اور دیگر علاقوں میںبہت سے تعلیمی و تکنیکی ادارے قائم کئے۔ ان کی انہی تعلیمی خدمات کی بناء پر لوگ انہیں میاں چنوں کا’’سرسید‘‘ کہتے تھے۔ غلام حید روائیں شہید کی شخصیت کا اہم وصف ان کی سادگی تھا۔

انہیں عیش و عشرت اور دولت سے دورکا بھی واسطہ نہ تھا ۔پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے وزیراعلیٰ‘ قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے رکن کے طور پر ان کی کارکردگی مثالی رہی۔اگر میں یہ کہوں کہ وہ ہمارے موجودہ سیاسی قائدین کیلئے ایک رول ماڈل تھے تو قطعاً بے جانہ ہوگا۔ محمد اسلم زار ایڈووکیٹ نے کہا کہ غلام حیدر وائیں شہید نے ایک سیاسی ورکر کے طور پر اپنی سیاست کا آغاز کیا اور وزارتِ اعلیٰ کے منصب سے سرفراز ہوئے مگر طبیعت میں جو سادگی اور عاجزی موجود تھی ‘ وہ برقرار رہی۔

میری ان سے پہلی ملاقات دسمبر 1975ء میں ہوئی اور میں ان کی محبت میں ایسا گرفتار ہوا کہ آج تک ان کو بھلا نہیں پایا۔ سیاسی کارکنوں کیلئے غلام حیدر وائیں ایک رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں بھی مسلم لیگ کو زندہ رکھا۔غلام حیدر وائیں مخلص اور محنتی کارکنوں کیلئے نشان راہ تھے۔وہ ساری زندگی ان استحصالی طبقات کا مردانہ وار مقابلہ کرتے رہے تاہم 1993ء کی الیکشن مہم کے دوران انہیں ان کے حلقہٴ انتخاب میں قتل کردیا گیا۔

شاہد رشید نے کہا کہ غلام حیدر وائیں کا اوڑھنا بچھونا پاکستان تھا۔ وہ پاکستان کے سچے عاشق تھے۔ انہوں نے ہمیں سادگی ، ایثار اور وطن سے محبت کرنے کا درس دیا۔نظریہٴ پاکستان کے فروغ کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ پروگرام کے اختتام پر غلام حیدروائیں شہید کے ایصال ثواب اور بلندئ درجات کیلئے دعاکی گئی۔