Live Updates

بھارت کو اس وقت ایک ظالم اور فاشسٹ حکومت چلارہی ہے،

مودی ماضی میں بھی بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی اور قتل عام میں ملوث رہا ہے، یونیورسٹی آف تربت کے رجسٹرارغلام فاروق بلوچ کا خطاب

ہفتہ 12 اکتوبر 2019 22:51

کوئٹہ ۔12 اکتو بر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2019ء) یونیورسٹی آف تربت کے رجسٹرارغلام فاروق بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت کو اس وقت ایک ظالم اور فاشسٹ حکومت چلارہی ہے جو ماضی میں بھی بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی اور قتل عام میں ملوث رہا ہے اور آج مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیری مسلمانوں کا قتل عام کرکے تاریخ دوہرا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے تربت یونیورسٹی میں نکالی گئی واک سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کشمیر یکجہتی واک میں ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسرڈاکٹرگل حسن،ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ انجینئرنگ ڈاکٹرحنیف الرحمان، شعبہ کیمسٹری کے چیئرمین ڈاکٹرنعیم اللہ، شعبہ لاء کے چیئرمین محمدنسیم ایڈوکیٹ، ڈائریکٹر گوادرکیمپس اعجاز احمد،ڈپٹی رجسٹرارگنگزاربلوچ،اسسٹنٹ رجسٹرارغوث بخش بلوچ اور پی ایس او ٹو وائس چانسلر میرباہڑبلوچ کے علاوہ اساتذہ کرام، ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف اور طلبہ وطالبات نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔

(جاری ہے)

غلام فاروق بلوچ نے واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں گزشتہ دو مہینوں سے زا ئد عرصے سے نافذ کرفیو کوغیرقانونی اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ جموں اینڈ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے موقف، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارت کی ظالمانہ کارروائیوں اور مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں ملک کے دیگر حصوں کی طرح تربت یونیورسٹی میں بھی ہر جمعے کو کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لئے واک کااہتمام کیا جاتاہے۔واک کے شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے کے علاوہ بینرز بھی اٹھارکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔واک کے شرکاء نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرانے کے لئے اپناکرداراداکرے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کا قتل عام روکنے کا بھی مطالبہ کیا۔تربت یونیورسٹی کے گوادرکیمپس میں بھی کشمیریکجہتی واک کا اہتمام کیاگیاجس میں اساتذہ کرام اور ایڈمن اسٹاف کے علاوہ طلبہ و طالبات نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات