اقوام متحدہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پرعمل درآمد کرانے میں ناکام رہاہے، رپورٹ

بھارتی فوجیوں نے 1989سے اب تک 95ہزار 463سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا

جمعرات 24 اکتوبر 2019 12:45

اقوام متحدہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پرعمل درآمد کرانے میں ..
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2019ء) اقوام متحدہ کا قیام 1945میں بین الاقوامی تعاون کے فروغ اور عالمی تنازعات کے حل کیلئے عمل میںلایا گیا تھا لیکن عالمی ادارہ 72برس گزرنے کے باجود تنازعہ کشمیر کو حل نہیں کر اسکا ہے ۔آج اقوام متحدہ کے یوم تاسیس کے موقع پر کشمیرمیڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی ادارے نے کشمیرکے بارے میں متعدد قرار دادیں منظور کیں جن میں کشمیریوں کو رائے شماری کے ذریعے انکا ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

تاہم تقریبا سات دہائیوں کا عرصہ گزرنے کے باوجود عالمی ادارہ اپنی قرار دادوںپر عمل درآمد نہیں کراسکاہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت نے یہ قراردادیںمنظورکر تے ہوئے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن بعد میں وہ اپنے وعدے سے مکر گیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہاگیاہے کہ بھارتی فوجیوںنے مقبوضہ کشمیرمیں اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران 1989سے اب تک 95ہزار463کشمیریوںکو شہید کیا جن میں سے 7ہزار134کو جعلی مقابلوںکے دوران شہید کیاگیا۔

رپورٹ کے مطابق رواںسال 5اگست کو بھارت نے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کو منسوخ اور وہاں کا فوجی محاصرہ کردیا اور جس کے بعد سے بھارتی فوجیوںنے پر امن مظاہرین پر گولیوں ، پیلٹ گنوں اور آنسو گیس کے بے دریغ استعمال کے ذریعے 27بے گناہ کشمیریوںکو شہید کردیاہے۔اس دوران 693کشمیری زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر پیلٹس لگنے کے باعث زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں کہاگیاہے کہ 5اگست کے بعد سے حریت رہنمائوں، کارکنوں، نوجوانوں، تاجروں، سول سوسائٹی کے اراکین اور سیاسی لیڈروں سمیت 11ہزار348کشمیریوںکو گرفتار کیاگیاہے۔ ہزاروں نظربندوںپر کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیاگیاجن میں حریت رہنماء شوکت احمدبخشی، بشیر کشمیری اور حیات احمدبٹ، بارایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالقیوم اور وکلاء نذیر احمد رونگا، عبدس سلام راتھر اور فیاض احمد سوداگراور تاجر مبین شاہ بھی شامل ہیں۔

بھارت نواز سیاست دانوں فاروق عبداللہ ، عمر عبداللہ ، محبوبہ مفتی ، سجاد غنی لون ، شاہ فیصل ، عبدالوحید پرہ اوراعجاز احمد ڈارکو بھی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیاگیا۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںنے اس عرصے کے دوران کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے تلاشی اور محاصرے کی 2ہزار237کارروائیاںکیں۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوںنے رواںبرس جنوری سے اب تک195کشمیریوں کو شہید کیا جن میں 14کو دوران حراست یا جعلی مقابلوں میں شہید کیا گیا۔